بین الاقوامی خبریں

امریکی قانون سازوں کا عمران خان کی رہائی کیلئے خط سفارتی آداب کی خلاف ورزی

امریکی قانون سازوں کا عمران خان کی رہائی کیلئے خط سفارتی آداب کی خلاف ورزی

اسلام آباد، 25اکتوبر (ایجنسی )

پاکستان دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ امریکی قانون سازوں کا بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے جو بائیڈن کو خط سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے اور ایسے خطوط پاک-امریکہ تعلقات اور باہمی احترام کے ساتھ مماثلت نہیں رکھتے۔پاکستان نے کبھی جموں و کشمیر میں بھارتی آئین کی عملداری کو تسلیم نہیں کیا، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کا مضبوط حامی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے امریکی صدر کو خط لکھا ہے اور ان سے سزا معاف کر کے رہائی کی درخواست کی گئی۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی ارکان کانگریس کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے صدر جو بائیڈن کو لکھے گئے خط پر ردعمل میں کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو اہمیت کی نظر سے دیکھتا ہے، پاکستان کے داخلی امور پر تبصرے سفارتی آداب اور ریاستی تعلقات کے منافی ہیں، یہ خطوط پاکستان کی سیاسی صورتحال کی غلط آشنائی پر مبنی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے امریکی صدر کو خط لکھا ہے اور ان سے سزا معاف کر کے رہائی کی درخواست کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار دولت مشترکہ اجلاس میں شریک ہیں، اسحاق ڈار نے ملکی ترقی کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر زور دیا۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیرِ خارجہ نے پاکستانی حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو لیڈرشپ رولز کا پلیٹ فارم مہیا کرنے کا تہیہ کیا ہے، اسحاق ڈار نے خطاب کے دوران وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ نے دولتِ مشترکہ یوتھ پروگرام اور کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس کے آغاز پر بھی بات کی، وزیرِ خارجہ نے ماحولیاتی بہتری کے لیے ڈیجیٹل انوویشن پر نوجوانوں کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button