حماس- اسرائیل جنگ: مسلمانوں کیخلاف نفرت امریکن نیوز روم گھس آئی،تین مسلم اینکر خاموشی سے معطل
امریکی نیوز نیٹ ورک MSNBC نے غزہ میں اسرائیلی جنگ کے باعث بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد تین مسلمان اینکرز معطل کر دیئے
نیویارک، 16اکتوبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) امریکی نیوز نیٹ ورک MSNBC نے غزہ میں اسرائیلی جنگ کے باعث بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد تین مسلمان اینکرز معطل کر دیئے ہیں۔خبر کے مطابق دو ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد سے مہدی حسن، ایمن محی الدین اور علی ویلشی کو خاموشی سے اینکر کی کرسی سے ہٹا دیا گیا۔نیوز ویب سائٹ سیمافور نے انکشاف کیا ہے کہ بائیں بازوں کی طرف جھکاؤ رکھنے والے نیوز نیٹ ورک نے جمعرات کو ’مہدی حسن شو‘ کا شیڈول شدہ پروگرام نشر نہیں کیا۔اس کے علاوہ ایک اور مسلمان اینکر محی الدین کو جمعرات اور جمعے کو جوائے ریڈ کے شو کے پروگرام میں بلانے کا منصوبہ ترک کر دیا گیا۔ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ آنے والے ویک اینڈ شوز کے لیے علی ویلشی کی جگہ کسی دوسر اینکر کو لیا جا رہا ہے۔سیما فور نے مزید بتایا ہے کہ امریکی چینل ایم ایس این سی بی نے اس طرح کے کسی تصور کی سختی سے مسترد کیا ہے کہ مہدی حسن یا محی الدین کو کسی بھی طرح سے نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب دو ذرائع نے امریکی چینل ایم ایس این بی سی کے اس معطلی کے فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہو گا اس کے بارے میں کچھ بہت زیادہ واضح نہیں ہے۔نیٹ ورک سے قریبی تعلق رکھنے والے ذرائع کا کہنا ہے کہ چینل کا رویہ بالکل اسی طرح کا ہے جیسا نائن الیون کے بعد ہوا تھا کہ آپ یا تو ہمارے ساتھ ہیں یا ہمارے خلاف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ نیوز نیٹ ورک اب سیاسی نظریات سے بالاتر ہو کر ایک مخصوص عقیدے کے اینکرز کو نشانہ بنا رہا ہے۔دریں اثنا عرب نیوز کی جانب سے MSNBC سے رابطہ کیا گیا ہے لیکن اس خبر کے شائع ہونے تک نیوز نیٹ ورک نے کسی قسم کا کوئی جواب نہیں دیا۔دوسری طرف علی ویلشی دوسرے شوز پر اب بھی رپورٹنگ کر رہے ہیں۔ ذرائع جس کی تصدیق کرتے ہیں وہ یہ ہے کہ شوز معطل کر دیئے گئے ہیں اور نیوز نیٹ ورک میں موجود تین مسلمان اینکرز کا مستقبل واضح نہیں ہے۔



