بین الاقوامی خبریں

خشوگی سے متعلق امریکی رپورٹ : سعودی ولی ٔ عہد کو ذمہ دار قرار دیئے جانے کا امکان

خشوگی
 REUTERS/Sarah Silbiger

خشوگی سے متعلق امریکی رپورٹ : 

واشنگٹن:(ایجنسیاں) سعودی صحافی جمال خشوگی کی پراسرار ہلاکت کی تحقیقات کرنے والی امریکی خفیہ ایجنسی کی جانب سے جمعرات کو تفصیلی رپورٹ جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ پیش رفت سے آگاہ چار امریکی عہدے داروں کے مطابق رپورٹ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خشوگی کی ہلاکت کا ذمے دار ٹھہرایا گیا ہے۔

امریکی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (سی آئی اے) نے یہ رپورٹ مرتب کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔پیش رفت سے آگاہ چار امریکی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محمد بن سلمان نے جمال خشوگی کے قتل کی منظوری دی تھی۔

یاد رہے کہ جمال خشوگی امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں کالم لکھتے تھے اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کرتے تھے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کے دوران بتایا تھا کہ انہوں نے یہ رپورٹ پڑھی ہے اور وہ اس بابت سعودی عرب کے بادشاہ سلمان سے بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

سعودی ولی ٔ عہد کو ذمہ دار قرار دیئے جانے کا امکان

سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز، 35 سالہ ولی عہد محمد بن سلمان کے والد ہیں جنہیں سعودی عرب کا ڈی فیکٹو حکمران سمجھا جاتا ہے۔جمال خشوگی کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ صدر بائیڈن کی ان پالیسیوں کا حصہ ہے جس کا مقصد دنیا میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والے ملک کی جانب سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور یمن کی خانہ جنگی میں اس کے کردار کا ازسر نو جائزہ لینا ہے۔

بائیڈن، ریاض کے ساتھ تعلقات کو روایتی خطوط پر استوار کرنا چاہتے ہیں جس کا مقصد ٹرمپ دور میں سعودی عرب کے معاملات سے مبینہ طور پر صرفِ نظر برتنے کی پالیسی کو تبدیل کرنا ہے۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے بدھ کو صحافیوں کو بتایا کہ بائیڈن سعودی بادشاہ کو صرف اس پیش رفت سے آگاہ کریں گے اور بتائیں گے کہ امریکہ یہ رپورٹ ریلیز کر رہا ہے۔

بائیڈن نے صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد سعودی بادشاہ سے براہِ راست کوئی رابطہ نہیں کیا۔ تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ مختلف سطح پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کے ابتدائی ہفتوں میں امریکی حکام نے سعودی حکام سے رابطے رکھے تھے۔

جمال خشوگی کو آخری مرتبہ دو اکتوبر 2018 کو استنبول میں سعودی قونصل خانے کے اندر داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ بعدازاں انہیں سعودی ولی عہد سے منسلک اہل کاروں کی ٹیم کی جانب سے قتل کیے جانے کی اطلاعات آئی تھیں اور خشوگی کی باقیات آج تک نہیں مل سکیں۔

خشوگی اپنی شادی کے سلسلے میں بعض دستاویزات کے حصول کے لیے سعودی قونصل خانے گئے تھے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جمال خشوگی کے قتل کا حکم دینے کے الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button