
نیویارک ، 14مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امریکہ میں ایک دوشیزہ نے ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے سابق کمانڈر قاسم سلیمانی کی عراق میں ڈرون حملے میں ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے اپنے ’آشنا‘مرد کو بالمشافہہ ملاقات کا جھانسا دے کر چاقو گھونپ دیا ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ اس ایرانی عورت کی مضروب سے آن لائن شناسائی ہوئی تھی۔
کلاس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 21 سالہ نِکا نکوبن Nika Nikoubin پر اقدام قتل،مہلک ہتھیار اٹھانے اور چوری کے الزامات عاید کیے گئے ہیں۔ہینڈرسن پولیس نے گرفتاری کی رپورٹ میں لکھا ہے کہ نکوبن اور اس شخص کی ملاقات ایک ڈیٹنگ ویب سائٹ پر آن لائن ہوئی تھی۔
اس کے بعد یہ جوڑا 5 مارچ کو سن سیٹ اسٹیشن ہوٹل میں ملنے پر رضامند ہوا اور انھوں نے ایک مشترکہ کمرا کرائے پرلیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ کمرے میں رہتے ہوئے نکوبن نے اس شخص کی آنکھوں پر پٹی باندھ لی۔اس کے بعد اس نے لائٹیں بند کردیں اور کئی منٹ بعد اس شخص کو’’اس کی گردن میں درد محسوس ہوا۔
پولیس نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ نکوبن نے مبیّنہ طور پراس شخص کی گردن میں چاقو گھونپ دیا تھا۔اس کا مقصد قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینا تھا۔اس شخص نے زخمی ہونے کے بعد نکوبن کودھکا دے کر پیچھے ہٹا دیا تھااور 911 پر کال کرنے کے لیے کمرے سے باہر بھاگ گیا تھا۔
اس کے بعد نکوبن بھی کمرے سے باہر بھاگی اور ہوٹل کے ایک ملازم کو بتایا کہ اس نے ابھی ایک شخص کو چاقو گھونپ دیاہے۔نکوبن Nika Nikoubin نے ایک تفتیش کار کو بتایا کہ وہ انتقام لینا چاہتی تھی۔اس نے’’گریوڈگر‘‘ Grave Digger نامی گانا سنا تھا۔
اس گانے نے انتقام لینے کے لیے اس کی حوصلہ افزائی کی تھی۔لاس ویگاس ریویوجرنل کی رپورٹ کے مطابق مضروب شخص کی موجودہ حالت کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔اخبار نے بتایا کہ نکوبن کو24 مارچ کو ابتدائی سماعت کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یہ واضح نہیں کہ آیا اس نے ابھی تک کسی وکیل کی خدمات حاصل کرلی ہیں یا نہیں۔یادرہے کہ امریکی فورسز نے جنوری 2020میں عراق کے دارالحکومت بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک ایک ڈرون حملے میں القدس فورس کے کمانڈر میجرجنرل قاسم سلیمانی کوہلاک کردیا تھا۔



