بین ریاستی خبریںسرورق

یو ٹی عبدالقادر ہوں گے کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر، اس عہدے پرپہلا مسلم لیڈر

یو ٹی عبدالقادر کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ہوں گے۔

بنگلورو:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)کانگریس کے تجربہ کار لیڈر اور منگلورو سیٹ سے رکن اسمبلی یو ٹی عبدالقادر کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ہوں گے۔ دیر رات گئے ریاست کی کانگریس حکومت نے قادر کے نام کو منظوری دے دی۔ یو ٹی قادر کا تعلق منگلورو خطے کے جنوبی کرناٹک ضلع سے ہے۔اس اقدام کو کانگریس کے مسلمانوں کے تئیں اظہار تشکر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں مسلم ووٹروں نے کھل کر کانگریس کی حمایت کی ہے۔یو ٹی عبدا لقادر 5 بار رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ وہ گزشتہ اسمبلی میں حزب اختلاف کے نائب لیڈر تھے۔

اس کے علاوہ وہ 2013 کی سدارمیا حکومت اور پھر 2018 کی کانگریس-جے ڈی ایس حکومت میں کابینہ وزیر رہ چکے ہیں۔ عبدالقادر آج اسپیکر کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کریں گے، ان کا انتخاب بلامقابلہ ہونے کا امکان ہے کیونکہ 66 ارکان اسمبلی والی بی جے پی اور 19 ارکان اسمبلی والی جے ڈی ایس نے اس عہدے کے لیے کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا ہے۔

کرناٹک قانون ساز اسمبلی کا تین روزہ اجلاس پیر کو نو منتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری کے ساتھ شروع ہوا۔ یوٹی عبد القادر منتخب ہونے کے بعد بدھ کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ کابینہ میں جگہ کی توقع کر رہے تھے لیکن پارٹی کے اس فیصلے نے انہیں حیران کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تو کوئی بھی شخص کسی بھی وقت بن سکتا ہے لیکن قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کا عہدہ ملنا بڑی بات ہے۔ میں اس چیلنج کو عاجزی کے ساتھ قبول کروں گا اور اعتماد کے ساتھ ایوان کی کارروائی چلانے کی کوشش کروں گا۔خیال رہے کہ نو منتخب کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں مسلم ارکان اسمبلی کی تعداد 9 ہے اور سبھی کا تعلق کانگریس پارٹی سے ہے۔

کانگریس نے کل 15 مسلم امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا۔ دوسری طرف جے ڈی ایس نے 23 مسلم امیدوار کھڑے کیے لیکن ایک بھی امیدوار کامیاب نہیں ہوا۔ کرناٹک میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً 13 فیصد ہے۔خیال رہے کہ سابقہ اسمبلی میں مسلم ارکان کی تعداد 7 تھی اور ان سب کا تعلق بھی کانگریس سے ہی تھا۔ قبل ازیں، 2013 میں 11 مسلم ارکان اسمبلی منتخب ہوئے تھے، جن میں سے 9 کانگریس کے ٹکٹ پر اور 2 جے ڈی ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ ریاستی اسمبلی میں سب سے زیادہ مسلم ارکان اسمبلی 1978 میں منتخب ہوئے تھے اور اس وقت ان کی تعداد 16 تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button