نئی دہلی 29جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ریلوے میں بھرتی کے لیے اتر پردیش اوربہارکے مختلف مقامات پر طلبہ احتجاج کر رہے ہیں۔ ملک میں شاید پہلی بار نوکری یا ملازمت کے لیے اتنے بڑے پیمانے پراحتجاج ہو رہا ہے۔
اتر پردیش اور بہار میں ملازمتوں کے لیے مختلف جگہوں پر احتجاج کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ان دونوں ریاستوں میں ملک کے کل بے روزگاروں کا ایک چوتھائی حصہ ہے۔ریگولرلیبر فورس سروے (PLFS) 2018-19 کے مطابق، بہار اور اتر پردیش میں ملک میں 15 سے 29 سال کی عمر کے نوجوانوں کا 25.5% حصہ ہے۔ جبکہ ملک کی کل آبادی میں ان دونوں ریاستوں کا حصہ تقریباً 24.5 فیصد ہے۔
ان کے نمونہ سائز کے مطابق، اتر پردیش اور بہار میں ملک کے تمام عمر گروپوں کے کل بے روزگاروں کا 23.5 فیصد حصہ ہے۔ ساتھ ہی، 15 سے 29 سال کی عمر کے گروپ میں بے روزگاری میں ان دونوں ریاستوں کا حصہ 22.9 فیصد ہے۔
نیشنل سٹیٹسٹیکل آفس (این ایس او)کے ذریعہ تعلیم پر 2017-18 کے سروے کے مطابق، گریجویشن یا اس سے اوپر کی تعلیم حاصل کرنے والے 96 فیصد طلبہ نے آرٹس، سائنس اور کامرس کے جنرل کورسز کے لیے رجسٹریشن کرایاہے ۔ اس میں بھی سب سے زیادہ 70 فیصد نے آرٹس کے زمرے میں رجسٹریشن کروایاہے۔اس کے ساتھ ہی، اتر پردیش میں بھی جنرل کورس کے لیے رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد تقریباً 85 فیصد تھی۔
تاہم، آسام اور جھارکھنڈ میں بھی جنرل کورس کے لیے رجسٹر ہونے والے طلبہ کی تعداد 90 فیصد سے زیادہ تھی۔ تلنگانہ میں آرٹس اسٹریم میں سب سے کم 1.6 فیصد طلبہ رجسٹرڈ ہوئے۔ کیرالہ میں تکنیکی کورسز میں سب سے زیادہ 43.1 فیصدطلبہ کا داخلہ ہوا۔



