قومی خبریں

لوک سبھا میں ہنگامہ، ’وی بی-جی رام جی‘ بل منظور،

ریاستی روزگار گارنٹی اسکیم ’کرم شری‘ کا نام مہاتما گاندھی کے نام پر رکھا جائے گا-ممتا بنرجی

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)لوک سبھا میں آج اپوزیشن کے شدید ہنگامہ اور احتجاج کے درمیان مودی حکومت کا پیش کردہ ’وی بی-جی رام جی‘ بل منظور کر لیا گیا۔ اس بل کے ذریعے مرکزی حکومت نے طویل عرصے سے جاری ’منریگا‘ (مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم) کو نیا نام دینے اور اس میں کچھ انتظامی تبدیلیاں کرنے کی تجویز دی ہے۔ بل کی منظوری کے فوراً بعد سیاسی حلقوں میں تیز ردعمل دیکھنے کو ملا، خاص طور پر اپوزیشن جماعتوں نے اس فیصلے کو مہاتما گاندھی کی توہین قرار دیا۔

اپوزیشن کا الزام ہے کہ دیہی غریبوں کے لیے بنائے گئے ایک کامیاب قومی منصوبے سے بابائے قوم مہاتما گاندھی کا نام ہٹانے کی کوئی عملی یا اخلاقی ضرورت نہیں تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ محض نام کی تبدیلی نہیں بلکہ ملک کی تاریخی اور اخلاقی وراثت سے دوری کی علامت ہے۔ ایوان میں اسی مسئلہ پر اپوزیشن اراکین نے نعرے بازی کی اور بل کی منظوری کی شدید مخالفت کی، تاہم حکومت نے عددی اکثریت کے بل پر بل پاس کرا لیا۔

مرکزی حکومت کے اس فیصلے کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بڑا سیاسی اور علامتی اعلان کر کے مودی حکومت کو سخت جواب دیا ہے۔ ممتا بنرجی نے واضح کیا کہ ان کی حکومت ریاست میں چل رہے دیہی روزگار گارنٹی منصوبہ ’کرم شری‘ کا نام بدل کر مہاتما گاندھی کے نام پر رکھے گی۔

کولکاتا میں منعقد ’بزنس اینڈ انڈسٹری کنکلیو‘ سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے بی جے پی کا نام لیے بغیر مرکز کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کچھ سیاسی جماعتیں ملک کی قومی علامتوں اور عظیم شخصیات کا احترام کرنے میں ناکام رہتی ہیں تو مغربی بنگال کی حکومت یہ ذمہ داری نبھائے گی۔ ممتا بنرجی نے منریگا سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹانے کے فیصلے کو ’’شرمناک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم بابائے قوم کو بھی بھلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کے مطابق، ریاستی حکومت کا ’کرم شری‘ منصوبہ اس وقت مستحق افراد کو 75 دن تک روزگار فراہم کر رہا ہے، وہ بھی ایسے وقت میں جب مرکزی حکومت کی جانب سے منریگا کے فنڈز روکے جانے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ ممتا بنرجی نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ اگر مرکز کی طرف سے مالی تعاون نہ بھی ملے تو ریاست اپنے وسائل سے عوام کو کام فراہم کرتی رہے گی۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ مستقبل میں ’کرم شری‘ منصوبے کے تحت کام کے دنوں کی تعداد بڑھا کر 100 کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا،
“ہم نے اپنے وسائل سے ہزاروں خاندانوں کو روزگار دیا ہے، اگر مرکزی فنڈ مکمل طور پر بند بھی کر دیے جائیں تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم بھکاری نہیں ہیں۔”

سیاسی ماہرین کے مطابق، منریگا کے نام کی تبدیلی اور اس کے ردعمل میں ممتا بنرجی کا یہ اعلان نہ صرف ایک انتخابی پیغام ہے بلکہ آنے والے دنوں میں مرکز اور ریاست کے درمیان سیاسی کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button