دلچسپ خبریںسرورق

ویتنام :کشتی الٹنے کے بعد 10 سالہ بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا ، 35 افراد ہلاک

10 سالہ بچہ جو پانی کے اندر ہوا کے بلبلے میں زندہ بچا۔

ویتنام، ۲۲؍جولائی (اردودنیا.اِن/ایجنسیز):سمندر میں کشتی یا جہاز کے ڈوبنے پر زندہ بچنا اکثر ناممکن سمجھا جاتا ہے، مگر ویتنام سے ایک حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 10 سالہ بچہ ایک ائیر پاکٹ (ہوا کا بند بلبلہ) میں پناہ لے کر کئی گھنٹے پانی کے اندر زندہ رہا۔

یہ حادثہ 19 جولائی کو ویتنام کے مشہور سیاحتی مقام Ha Long Bay میں پیش آیا، جب ایک کشتی طوفان کی زد میں آ کر الٹ گئی۔ اس کشتی میں کل 53 افراد سوار تھے، جن میں سے 35 ہلاک ہو چکے ہیں، 10 کو بچا لیا گیا اور 3 تاحال لاپتہ ہیں۔

اس دل دہلا دینے والے حادثے کے چند گھنٹوں بعد امدادی ٹیموں نے ایک بچے کو پانی کے نیچے سے بحفاظت نکالا، جو کشتی کے اندر ایک ائیر پاکٹ میں چھپا ہوا تھا۔ حیرت انگیز طور پر بچہ مکمل طور پر محفوظ تھا، البتہ اس کی ذہنی حالت متاثر ہوئی ہے۔ اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

بچے نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا:

"سب کچھ بہت تیزی سے ہوا، میں نے باہر نکلنے کی کوشش کی اور پھر فوجیوں نے مجھے بچا لیا۔”

حکام کے مطابق بچہ حادثے کے وقت اپنے اہل خانہ کے ساتھ سیروسیاحت پر تھا۔ جب کشتی الٹی تو وہ ایک ایسے حصے میں چلا گیا جہاں کچھ وقت کے لیے ہوا جمع ہو گئی تھی، جس نے اس کی جان بچا لی۔

ریسکیو ٹیمیں اب بھی لاپتہ افراد کو تلاش کر رہی ہیں، مگر خراب موسم اس کوشش میں رکاوٹ بن رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button