سرورققومی خبریں
ممبئی 18 فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) مفرور صنعت کار وجے مالیا نے بمبئی ہائی کورٹ کو مطلع کیا ہے کہ وہ بھارت واپس آنے سے قاصر ہیں۔ ان کے مطابق برطانیہ سے باہر جانے پر قانونی پابندیاں عائد ہیں، اسی لیے وہ یہ یقین دہانی نہیں کرا سکتے کہ کب بھارت واپس آ سکیں گے۔
وجے مالیا کی جانب سے ان کے وکیل امیت دیسائی نے عدالت میں ایک تحریری بیان داخل کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مالیا کے پاس اس وقت فعال بھارتی پاسپورٹ موجود نہیں ہے، جبکہ انگلینڈ اور ویلز کی عدالتوں کی جانب سے ملک چھوڑنے پر بھی پابندیاں عائد ہیں۔
بمبئی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس چندر شیکھر اور جسٹس گوتم انکھاد پر مشتمل بنچ نے گزشتہ ہفتے مالیا کی عرضی پر سماعت سے انکار کر دیا تھا۔ عدالت نے واضح کیا تھا کہ جب تک مالیا بھارت واپس نہیں آتے، ان کی عرضی پر کارروائی ممکن نہیں۔ عدالت نے یہ بھی سوال اٹھایا تھا کہ آیا مالیا کا بھارت واپس آنے کا ارادہ ہے یا نہیں۔
اس پس منظر میں وجے مالیا نے اپنے وکیل کے ذریعے تازہ بیان داخل کرایا۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عرضی کی سماعت کے لیے مالیا کی عدالت میں ذاتی موجودگی ضروری نہیں ہے۔ واضح رہے کہ مالیا مارچ 2016 سے برطانیہ میں مقیم ہیں اور قرض گھوٹالے اور منی لانڈرنگ سمیت متعدد الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہیں 2019 میں مفرور معاشی مجرم قرار دیا جا چکا ہے۔