حیدرآباد، 10 اپریل :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بی جے پی مسلمانوں کو اپنی حمایت میں لانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ بی جے پی نے اپنے اقلیتی محاذ اور مسلم لیڈروں کو اس کام میں لگا دیا ہے۔ وقتا فوقتا بی جے پی لیڈر بھی اپنی مسلم محبت کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ ادھر تلنگانہ میں ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس نے مسلمانوں کی حمایت حاصل کرنے میں بی جے پی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
دراصل وقارآباد ضلع میں بی جے پی لیڈر نے یہاں ایک مسجد کے لیے کولر عطیہ کیا لیکن نمازیوں نے تمام کولر اٹھا کر مسجد سے باہر پھینک دیا۔بڑھتی ہوئی گرمی کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ کے ضلع وقارآباد سے تعلق رکھنے والے بی جے پی لیڈر محمد انور نے نمازیوں کو گرمی سے نجات دلانے کے لیے ضلع کے باونتارام منڈل کے علاقے تورامیڈی کی ایک مسجد کو کئی کولر عطیہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے مسجد میں موجود لوگوں کے سامنے بی جے پی کی تعریف بھی کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی نے مسلمانوں کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔ بی جے پی مسلمانوں سے محبت اور احترام کرتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کانگریس کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ کانگریس نے مسلمانوں کو بی جے پی سے دور کر دیا ہے۔
انہوں نے بی جے پی کی مزید تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے تین طلاق بل لا کر مسلم خواتین کے لیے بہت اچھا کام کیا ہے۔ اس سے مسلم خواتین بہت خوش ہیں، کانگریس نے مسلمانوں کے لیے کچھ نہیں کیا۔
وہیں ان کے اس بیان کے بعد مسلم سماج کے لوگ غصے میں آگئے۔ مسلم لیڈر کو اب اپنی ہی برادری کی مخالفت کا سامنا ہے۔ اس کے اس اقدام سے ناراض ہو کر نمازیوں نے تمام کولر ان کے گھر کے باہر لا کر پھینک د یا۔



