33 اضلاع میں تاحال 3810 ہاسپٹلس کا معائنہ ، 1163 ہاسپٹلس کو نوٹس ، 165 ہاسپٹلس مہر بند ، 106 ہاسپٹلس کو جرمانے
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) محکمہ صحت کی جانب سے کئے گئے معائنہ میں انکشاف ہوا ہے کہ ریاست میں کئی خانگی ہاسپٹلس نے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے ۔ ان بے قاعدگیوں میں جہاں شہر حیدرآباد سرفہرست ہے اس کے بعد بالترتیب اضلاع کریم نگر ، رنگاریڈی ، میڑچل ، ملکاجگیری ، بھدرا دری کتہ گوڑم کا شمار ہوتا ہے ۔ ریاست میں محکمہ صحت کی جانب سے گذشتہ تین ہفتوں سے خانگی ہاسپٹلس کا معائنہ کیا جارہا ہے ۔ تاحال ریاست کے 33 اضلاع میں محکمہ صحت کے عہدیداروں نے 3810 خانگی ہاسپٹلس کا معائنہ کیا ہے ۔
ان میں 1163 ہاسپٹلس کو نوٹس دی گئی ہے ۔ 165 ہاسپٹلس کو مہر بند کردیا گیا ہے ۔ مزید 106 ہاسپٹلس کو جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ معائنہ کئے گئے 3810 ہاسپٹلس میں 1434 ( 37.63 ) فیصد ہاسپٹلس نے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے ۔ تلنگانہ کے ان ہاسپٹلس ، آیورویدا ، ہومیو ، یونانی ، سدھا کو کلینکل اسٹبلشمنٹ ایکٹ کے تحت لایا گیا ہے ۔ انہیں طبی خدمات انجام دینے کے لیے حکومت سے اجازت حاصل کرنے کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔
اس معائنہ میں شہری ، دیہی علاقوں اور قصبوں میں ہر جگہ نا اہل ڈاکٹرس موجود ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ کئی آر ایم پیز اور پی ایم پیز طبی علاج کے لیے نا اہل ہونے کے باوجود علاج کررہے ہیں ۔ نسخے لکھ رہے ہیں ۔ سرجری اور اسقاط حمل کررہے ہیں چند آر ایم پیز نے بورڈس پر اپنے آپ کو ایم بی بی ایس لکھ رہے ہیں ۔ آیوش کے چند ڈاکٹرس ایلوپتھک علاج بھی فراہم کررہے ہیں ۔ چند خانگی ہاسپٹلس اور کلینکلس میں بے قاعدگیوں کے باعث عوام مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں ۔ بعض اوقات ان کی جان بھی جارہی ہے ۔
حکومت نے معائنہ کرنے والے طبی عملہ کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ اگر معائنہ کے دوران کوئی نقائص اور بے قاعدگیاں پائی جائے تو ایسے ہاسپٹلس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے ۔ بعض اضلاع سے یہ بھی شکایتیں وصول ہورہی ہے کہ معائنہ کرنے والا طبی عملہ معمول وصول کرتے ہوئے غلطیوں کو نظر انداز کررہا ہے ۔ بھاری معمول وصول کرنے کے بعد سب کچھ درست ہونے کا سرٹیفیکٹ جاری کررہے ہیں ۔



