قومی خبریں

تشددسے کسی کوفائدہ نہیں ہوتا،تمام طبقے کااتحادضروری:موہن بھاگوت

سنجے راوت کا ردعمل، اچھی بات کہی،بی جے پی کوگھیرا

ممبئی 29اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)شیوسینا نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کی حمایت کی ہے۔ پارٹی لیڈر سنجے راوت نے سنگھ کے سربراہ کو مبارکباد دی اور کہاہے کہ ان کے بیان پرپورے ملک میں بحث ہونی چاہیے۔ اس دوران انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر لاؤڈ اسپیکر معاملے میں سیاست کرنے کا الزام بھی لگایاہے۔

امراوتی میں پروگرام کے دوران بھاگوت نے کہا تھا کہ جو سماج تشدد کو پسند کرتا ہے وہ اپنے آخری دن گن رہا ہے۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق شیوسینا کے سینئر لیڈرسنجے راوت نے کہاہے کہ میںموہن بھاگوت جی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ وہ ایک ایسا آئیڈیا سامنے لائے ہیں جس پر پورے ملک میں بحث ہونی چاہیے۔

موہن بھاگوت نے ایک تقریب کے دوران کہاہے کہ تشدد سے کسی کو فائدہ نہیں ہوتا۔ تشدد پسند معاشرہ اپنے آخری ایام میں دم توڑ رہا ہے۔ ہمیں ہمیشہ عدم تشدد اور امن سے محبت کرنی چاہیے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام طبقے کو اکٹھا کیا جائے اور انسانیت کی حفاظت کی جائے۔ ہمیں یہ کام ترجیحی بنیادوں پر کرنا ہے۔

ایجنسی کے مطابق لاؤڈ اسپیکر کے معاملے پرسنجے راوت نے کہاہے کہ ریاستی وزیر داخلہ نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو مہاراشٹر میں لاؤڈ اسپیکر کے معاملے پر فیصلہ لینے کے لیے بلایا تھا۔ لیکن یہاں کی بی جے پی پارٹی نے اس کا بائیکاٹ کیا۔

مہاراشٹر میں لاؤڈ اسپیکر معاملے میں بی جے پی بدامنی پیدا کرنا چاہتی ہے، جس کا مطلب ہے کہ وہ سیاست کرنا چاہتی ہے۔مہاراشٹر حکومت نے 25 اپریل کوکل جماعتی میٹنگ بلائی تھی۔ میٹنگ میں ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور مہاراشٹر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر دیویندر فڑنویس اور مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے شرکت نہیں کی۔

اس میٹنگ میں سی ایم ادھو ٹھاکرے نے بھی شرکت نہیں کی۔ پیر کو ریاست کے وزیر داخلہ دلیپ والسے اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے لاؤڈ اسپیکر کے تنازعہ کے درمیان ریاست میں امن و امان پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک میٹنگ بلائی ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button