
لکھنؤ5اکتوبرر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے منگل کو ریاست میں یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اتر پردیش حکومت کا آواز اٹھانے والوں کے ساتھ رویہ مسلسل پرتشدد اور جابرانہ ہے۔کانگریس کے جنرل سکریٹری نے لکھنؤ کا دورہ کرنے والے وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی طنز کیا اور پوچھا کہ وہ ان خاندانوں سے ملنے کے لیے لکھیم پور کھیری کیوں نہیں جا رہے ہیں جن کے بیٹوں کوبے دردی سے قتل کیا گیااور جہاں وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے جانے سے قاصر ہیں۔
یوگی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے پرینکاگاندھی نے کہاہے کہ اترپردیش حکومت کا سارا فوکس اقتدار میں رہنے کے لیے تشہیر اور عوامی تعلقات پرہے۔پرینکا گاندھی نے ریاست کی عالمی وبا سے نمٹنے کے بارے میں کہا ہے کہ اترپردیش حکومت مددگار ہونے کے بجائے حملہ آور بن گئی ہے۔پرینکا کو اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری جاتے ہوئے سیتا پور میں حراست میں لے لیا گیا۔
وہ لکھیم پور کھیری جا رہی تھی جب تشدد میں چار کسانوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ضلع لکھیم پور کھیری کے ٹکونیا علاقے میں اتوار کو ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریہ کے دورے کے خلاف پھوٹے تشدد میں چار کسانوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ اس معاملے میں مشرا کے بیٹے آشیش سمیت کئی لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیاگیاہے۔



