
نئی دہلی، 24 جون :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ویراٹ کوہلی کے برانڈ One8 کے جوتے لانچ ہوتے ہی مارکیٹ میں سنسنی بن گئے ہیں۔ مختلف رپورٹس کے مطابق برانڈ نے اپنے آغاز کے صرف 24 گھنٹوں میں تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار جوڑے جوتے فروخت کر کے غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق دہلی سمیت ملک کے کئی بڑے شہروں میں One8 جوتوں کی مانگ میں زبردست اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ متعدد شاپنگ سینٹرز اور شو رومز کے باہر خریداروں کی بڑی تعداد دیکھی گئی، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس برانڈ کے جوتوں کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
One8 جوتے خریدنے والے صارفین اپنی تصاویر اور تجربات مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کر رہے ہیں۔ کئی صارفین نے جوتوں کے ڈیزائن، معیار اور منفرد تصور کو سراہا ہے، جبکہ شو رومز کے باہر لگنے والی قطاروں کی ویڈیوز بھی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق One8 برانڈ کے ایک جوڑے کی قیمت 9,230 روپے رکھی گئی ہے، جو ویراٹ کوہلی کے ٹیسٹ کرکٹ میں بنائے گئے رنز کی تعداد سے منسوب کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ ویراٹ کوہلی ماضی میں پوما کے ساتھ طویل عرصے تک منسلک رہے اور ان کے اشتراک سے کھیلوں کے لباس، جوتوں اور دیگر مصنوعات کی مکمل رینج متعارف کرائی گئی تھی۔ بعد ازاں ویراٹ کوہلی نے اپنے ذاتی برانڈ One8 کے نام سے مصنوعات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویراٹ کوہلی نے پوما انڈیا کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے One8 برانڈ لانچ کیا، جبکہ وہ خود اس برانڈ کے مرکزی سفیر اور چہرے کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
کچھ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ One8 کی مصنوعات نے لانچ کے پہلے 24 گھنٹوں میں 140 کروڑ روپے تک کی فروخت حاصل کی، تاہم اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے باضابطہ مالی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
A lap around one8 World!
Plenty of curious looks. Plenty of first reactions. And a pair of shoes that had everyone stopping by. pic.twitter.com/ubfAS2DhlT
— one8 (@one8world) June 21, 2026



