فلمی دنیا

وویک کا ’محبت میں دل ٹوٹنے کے بعد کا حال

محبت میں چوٹ کھانے والوں کے دل پر کیا گزرتی ہے، یہ کوئی اداکار وویک اوبرائے سے پوچھے جنھوں نے حال ہی میں محبت میں ناکامی اور دل ٹوٹنے کے بعد پہلی بار اپنے درد اور حالت کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔انٹرٹینمٹ ویب سائٹ پِنک وِلا کے ساتھ بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ محبت میں دل ٹوٹنے کے بعد انھوں نے کئی لڑکیوں کے ساتھ فلرٹ کرنا شروع کر دیا۔لیکن وہ جتنی زیادہ لڑکیوں کو ڈیٹ کرتے تھے، انھیں احساس ہوتا تھا کہ وہ مزید تنہائی کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔

وویک اوبرائے اور سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے کے درمیان 2003 میں اس وقت بریک اپ ہو گیا جب وویک نے ایشوریا کے سابق بوائے فرینڈ سلمان خان کے بارے میں بدنام زمانہ پریس کانفرنس کی تھی۔انھوں نے سلمان پر انھیں دھمکانے اور بدکلامی کرنے کا الزام لگایا تھا۔اس واقعے کے بعد تو جیسے وویک کے کیریئر اور زندگی دونوں ہی بدل گئے۔ محبت بھی ہاتھ سے گئی اور فلمیں بھی ملنا کم ہو گئیں۔ نہ خدا ہی ملا نہ وصال صنم، نہ ادھر کے ہوئے نہ ادھر کے ہوئے۔ٹوٹا ہوا دل اور بکھرا ہوا کیریئر جیسے ان کی قسمت بن گئی تھی۔

وویک اور ایشوریا نے فلم ‘کیوں ہو گیا نہ’ میں ساتھ کام کیا تھا اور اس کے بعد سے دونوں کے درمیان نزدیکیاں بڑھنے لگی تھیں۔لیکن وویک کی اس پریس کانفرنس نے ان نزدیکیوں کو ایک دم سے فاصلوں میں تبدیل کر دیا۔اب وویک کو انڈسٹری میں آئے بیس سال ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کئی اچھی فلمیں دیں لیکن کمپنی جیسی فلم کے ساتھ ڈیبیو کرنے والے باصلاحیت وویک زیادہ کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔

یہ اور بات ہے کہ کچھ عرصہ پہلے انھوں نے ایک فلم میں ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کا کردار نبھایا تھا جو شاید عوام کو زیادہ پسند نہیں آیا۔وویک نے 2010 میں نے پرینکا الوا سے شادی کی اور اب ان کے دو بچے ہیں۔ اب یہ کہنا مشکل ہے کہ وویک بیس سال پہلے دفن ہو چکی محبت کے گڑھے مردے کیوں اکھاڑ رہے ہیں۔ویسے وویک جلدی ہی فلم ‘روزی، دی سیفرون چیپٹر‘ میں نظر آئیں گے جس میں سلمان خان کے بھائی ارباز خان بھی ہیں۔ اسے کہتے ہیں ’پروفیشنل ازم‘۔

متعلقہ خبریں

Back to top button