گلوکار محمد ذاکر حسین کا حرکت قلب بند ہونے سے انتقال
وائس آف انڈیا کے مشہور گلوکار محمد ذاکر حسین کا انتقال ہوگیا
رائے پور ، 21جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) چھتیس گڑھ سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔ وائس آف انڈیا کے مشہور گلوکار محمد ذاکر حسین کا انتقال ہوگیا ہے۔ ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی ،جس کے بعد وہ جانبر نہ ہو سکے۔ گلوکار ذاکر حسین بلاس پور میں انتقال کر گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ذاکر کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تھی۔ انہیں بچانے کی کوشش کی گئی لیکن یہ ممکن نہ ہوسکا۔ انہیں بدھ کی سہ پہر پرانی بستی کے عیدگاہ قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ محمد ذاکر حسین کے اچانک انتقال سے موسیقی کی دنیا کے ساتھ ساتھ ہر طرف سوگ کی لہر دوڑ گئی۔معلومات کے مطابق اپنی آواز کے جادو سے لوگوں کے دلوں پر راج کرنے والے محمد ذاکر حسین اپنی فیملی کے ساتھ بلاس پور گئے ہوئے تھے۔
وہیں ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔
ان کی موت کی اطلاع ملتے ہی ان کے عزیز و اقارب اور خیر خواہ ان کی پرانی رہائش گاہ وارڈ-4، رانی روڈ، دھنوار پارا پہنچنا شروع ہو گئے۔ منگل کی دیر رات ان کی نعش بلاس پور سے کوربا لائی گئی۔ ذاکر حسین کی آواز کا جادو ایسا تھا کہ ان کے چاہنے والوں کی تعداد ہزاروں اور لاکھوں میں تھی۔طبیعت بگڑنے پر ذاکر حسین کو فوری طور پر مقامی اسپتال لے جایا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ محمد ذاکر حسین پرانی بستی کوربا میں رہتے تھے۔ انہیں بچپن سے ہی موسیقی اور فن کے میدان میں خصوصی دلچسپی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے وائس آف انڈیا میں اپنا جھنڈا لہرایا۔ تب سے وہ چھتیس گڑھ کے ہر گھر میں جانے پہچانے بن گئے تھے۔ ان کے انتقال کی اطلاع سے موسیقی کی دنیا کے ساتھ ساتھ اہل خانہ، خیر خواہوں اور مداحوں میں بھی سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔



