تلنگانہ کی خبریں

ورنگل:جمعیت اہل حدیث کے پرامن انتخابات، نئی قیادت کا انتخاب

انتخابات میں شہری جمعیت اہل حدیث ورنگل کے سینکڑوں اراکین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

ورنگل، 29 دسمبر:(راست) اڈھاک کمیٹی جمعیت اہل حدیث تلنگانہ کی نگرانی میں آج کاسمو کنونشن ہال، ایل بی نگر، ورنگل میں شہری جمعیت اہل حدیث کے انتخابات نہایت پرامن، منظم اور جمہوری انداز میں منعقد ہوئے۔ انتخابی عمل کی نگرانی کنوینر اڈھاک کمیٹی تلنگانہ جناب صالح مہدی یافعی نے کی۔

انتخابات میں حیدرآباد سے اڈھاک کمیٹی کے اراکین جناب حافظ عبدالقیوم، جناب لیاقت اور جناب صفیان نے بھی شرکت کی۔ شہری جمعیت اہل حدیث ورنگل کے سینکڑوں اراکین نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا، جو قاضی پیٹ، رائے پورہ، ہنمکنڈہ، صوبیداری، چار بائولی، نظام پورہ، چنتل، جان پاک شہید اور دیگر علاقوں سے پہنچے تھے۔

پورا انتخابی ماحول امن، نظم و ضبط اور بھائی چارے سے بھرپور رہا، جہاں تمام اراکین نے جمہوری طریقے سے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ انتخابی نتائج کے بعد شہری جمعیت اہل حدیث ورنگل کی نئی قیادت کا اعلان کیا گیا، جو آئندہ پانچ برس تک اپنی ذمہ داریاں انجام دے گی۔

صدر کے طور پر جناب عبدالرحمن محمدی مدنی، جنرل سیکرٹری شیخ صابر نئیر، خازن جناب سی طیب، نائب صدر جناب عبدالرحیم، جوائنٹ سیکرٹری شیخ عابد منتخب ہوئے، جبکہ ایگزیکٹو ممبرز میں جناب یعقوب اور جناب دائود شامل ہیں۔

نو منتخبہ عہدیداران نے اپنے تاثرات میں کہا کہ وہ توحید و رسالت کے مشن کو مضبوطی سے آگے بڑھائیں گے اور کمیونٹی کی دینی و سماجی فلاح و بہبود کے لیے خلوص کے ساتھ کام کریں گے۔

اس موقع پر جناب صالح مہدی یافعی، حافظ عبدالقیوم اور جناب لیاقت نے خطاب کرتے ہوئے نو منتخبہ قیادت کو تلقین کی کہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے سونپی گئی اس ذمہ داری کو ایمانداری اور باہمی مشاورت کے ساتھ ادا کریں۔ انہوں نے مساجد اور قبرستانوں کی ترقی و بحالی کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا اور اراکین شوریٰ کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔

پروگرام میں محمد عبدالقہار، محمد عبدالحکیم، محمد عبدالوحید، محمد عبدالستار، محمد عبدالعمار، محمد فیروز خان، محمد سلیم خان، حکیم بیگ سمیت سینکڑوں افراد موجود تھے، جنہوں نے نئی قیادت کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

یہ پرامن انتخابات ورنگل میں جمعیت اہل حدیث کی تنظیمی مضبوطی، اتحاد اور جمہوری روایت کے تسلسل کی واضح مثال ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button