
وسیم رضوی کی بڑھی پریشانی : ڈرائیور کی اہلیہ نے لگایا عصمت دری کا الزام ،تھانہ میں دی تحریر
لکھنؤ،22جون:(اردودنیا/ایجنسیاں)شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی ہمیشہ ہی سرخیوں میں رہتے ہیں۔ کبھی متنازعہ تبصرے کی وجہ سے اور کبھی کسی اور وجہ سے ۔وہ ایک بار پھر تنازعہ میں ہے اور اس بار معاملہ ذرا سنجیدہ ہے۔ وسیم رضوی پر اپنے ہی ڈرائیور کی بیوی سے زیادتی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔یہ الزام متاثرہ خاتون نے خود عائد کیا ہے۔اس متأثرہ خاتون نے لکھنؤ کے سعادت گنج پولیس اسٹیشن میں بھی اس سلسلے میں شکایت دی ہے۔
اس کے علاوہ بیان جاری کرتے ہوئے خاتون نے رضوی پر بھی فحش ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے دھمکیاں دینے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ اسی دوران خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ جب میں اس سلسلے میں وسیم رضوی سے بات کرنے گیا تو وسیم رضوی کی طرف سے مار پیٹ کی گئی اور مجھے نوکری سے نکال دیا۔متأثرہ کے شوہر نے بتایا کہ جس مکان میں وہ رہتا تھا اسے وسیم رضوی نے ہی دیا تھا ،اس واقعے کے بعد مکان خالی کرالیا گیا ہے ۔
متأثرہ خاتون نے بتایا کہ رضوی اس کے شوہر کو ڈیوٹی پر باہر بھیجتا تھا، اس کے بعد زیادتی کرتا تھا۔اس دوران رضوی نے کچھ فحش ویڈیوز اور تصاویر بھی لیں۔ خاتون کا کہنا ہے کہ جب بھی وہ عصمت دری کی مخالفت کرتی ، وسیم رضوی فحش تصاویر اور ویڈیوز دکھا کر دھمکی دے کر خاموش کردیتا تھا۔
لیکن اب پریشان ہوکر پولیس میں شکایت درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم وسیم رضوی کا کہنا ہے کہ یہ شخص پہلے میرے یہاں کام کرتا تھا، لیکن قرآن کے مسئلے کے تحت وہ میرے دشمنوں میں شامل ہوگیا ، میری ہر حرکت کی خبر میرے دشمنوں کو دیتا تھا۔
اس لئے میری جان کو خطرہ بڑھ گیا تھا، اس لیے میں نے اسے نوکری سے برطرف کردیا ۔نوکری سے برخاست ہونے کے بعد وہ مجھ پرایسے الزامات لگا رہا ہے۔ رضوی نے کہا کہ اس نے جو بھی الزام لگایا ہے ، اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئے اور سچ سامنے آنا چاہئے۔



