بین الاقوامی خبریں

قیدیوں پرتشدد کرنے والوں کوہرگز معاف نہیں کریں گے: احمد الشرع

8 دسمبر کو ھیئۃ تحریر الشام اور حزب اختلاف کے دیگر مسلح گروپوں نے دمشق میں بشار الاسد کا تختہ الٹ دیا تھا۔

دمشق؍دبئی،12دسمبر (ایجنسیز) شامی جیلوں میں انسانیت سوز مظالم کے راز اب بھی کھل رہے ہیں۔ سابق صدر بشار الاسد کے خاتمے کے بعد گزشتہ اتوار سے رہا کیے گئے قیدیوں کی گواہیوں کی روشنی میں حکومت الٹنے والے گروپوں کے رہنما احمد الشرع نے کہا ہے کہ ’’ملٹری آپریشنز ڈیپارٹمنٹ‘‘ زیر حراست افراد پر تشدد کرنے والوں کا پیچھا کرے گا۔ھیئۃ تحریر الشام کے رہنما احمد الشرع، جو پہلے ابو محمد الجولانی کے نام سے معروف تھے، نے کہا ہے کہ ہم ان لوگوں کو معاف نہیں کریں گے جو شامی قیدیوں کو اذیت دینے اور انہیں ختم کرنے میں ملوث تھے۔

انہوں نے شام کے سرکاری ٹی وی کے ٹیلی گرام چینل پر بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کو تشدد اور قتل کرنے میں ملوث کسی کو معافی نہیں ملے گی۔ احمد الشرع نے کہا ان افراد کا شام کے اندر تعاقب کیا جائے گا۔ مغربی ممالک سے بھی کہا جائے گا کہ وہ ان لوگوں کو حوالے کریں جو یہاں سے بھاگ کر وہاں چلے گئے ہیں۔دوسری طرف ملٹری آپریشن ڈیپارٹمنٹ جس میں اتھارٹی اور مسلح دھڑے شامل ہیں، نے دارالحکومت دمشق میں کرفیو کی منسوخی کا اعلان کردیا۔

ایک بیان میں رہائشیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے کام پر واپس جائیں تاکہ ایک نئے شام کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ یہ پیش رفت عبوری حکومت کے وزیر اعظم محمد البشیر کی جانب سے بیرون ملک مقیم تمام شامیوں سے ملک کے مستقبل کی تعمیر کے لیے واپس آنے کی اپیل کے بعد سامنے آئی ہے۔ڈیپارٹمنٹ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام لوگوں اور تمام فرقوں کے حقوق کی ضمانت اور حفاظت کی جائے گی۔واضح رہے 8 دسمبر کو ھیئۃ تحریر الشام اور حزب اختلاف کے دیگر مسلح گروپوں نے دمشق میں بشار الاسد کا تختہ الٹ دیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button