مغربی بنگال کے ضمنی انتخابات: وزیراعلیٰ بھوانی پور سے ، ذاکر جنگی پور اور امیرالاسلام شمشیر گنج سے لڑیں گے ضمنی انتخاب
کولکاتہ ، 6ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مغربی بنگال میں ضمنی انتخابات کے اعلان کے بعد سیاسی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ ممتابنرجی بھوانی پور اسمبلی سیٹ سے خود کو بطور امیدوار پیش کریں گی۔ وزیراعلیٰ کی کرسی پر رہنے کے لیے ممتا کو کسی بھی قیمت پر ضمنی الیکشن جیتنا ہوگا۔ دیگر نشستوں پر ٹی ایم سی کے امیدوار ذاکر حسین جنگی پور سے اور امیر الاسلام شمشیر گنج اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔
ریاست کی تین اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات 30 ستمبر کو ہوں گے۔ دریں اثناء ٹی ایم سی لیڈر مدن مترا نے کہا کہ بی جے پی کو بھوانی پور اسمبلی ضمنی الیکشن میں اپنے امیدوار کھڑا کر کے اپنا پیسہ ضائع نہیں کرنا چاہیے، یہ الیکشن مکمل طور پر یک طرفہ ہوگا۔
اس سے قبل 4 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے آندھرا پردیش ، اڈیشہ سمیت مغربی بنگال کی تین اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے انعقاد کی تاریخوں کا اعلان کیاگیا تھا۔ انتخابات کے نتائج 3 اکتوبر کو آئیں گے۔ خیال رہے کہ ممتا بنرجی نے نندی گرام سیٹ سے الیکشن لڑا تھا ، لیکن بی جے پی امیدوار شوبھندو ادھیکاری سے وہ ہار گئی تھیں ۔ بھوانی پور سیٹ ترنمول کانگریس اور ممتا بنرجی کے لئے وقار کی جنگ ہے ۔



