بین ریاستی خبریں

وزیراعلیٰ ممتا بنرجی مفاد پرست رہنماؤں کی ’گھر واپسی‘ کے موڈمیں نہیں : ذرائع

کولکاتہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان 2 مئی کو کیا گیا تھا۔ ممتا بنرجی ایک بار پھر واضح اکثریت کے ساتھ اقتدار میں واپس آگئیں۔ اسی وقت سے حزب اختلاف کے خیمہ میں ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ کئی سارے لیڈرجو ترنمول چھوڑ چکے ہیں اب وہ گھر واپسی کی راہ تک رہے ہیں۔

اس کا آغاز چار بار کی ایم ایل اے سونالی گوہا نے کیا تھا ،سونالی گوہا کبھی ممتا بنرجی کی قریبی تصور کی جاتی تھیں ،انہوں نے بی جے پی میں شمولیت کو اپنی غلطی قرار دیا تھا، ممتا بنرجی کو ایک کھلا خط لکھتے ہوئے سونالی گوہا نے کہا تھا کہ جس طرح مچھلی پانی سے باہر نہیں رہ سکتی ، اسی طرح دیدی ، میں آپ کے بغیر نہیں رہ سکتی ۔

میں آپ سے معافی مانگتی ہوں ،مجھے پارٹی میں واپس آنے کی اجازت دی جائے ۔ میں اپنی بقیہ زندگی آپ کے پیار کے سائے میں گزارنا چاہتی ہوں۔اس کے بعد فٹ بالر سے بنے سیاستدان دی پندو وشواس نے ممتا سے گھر واپسی کی درخواست کی۔ انہوں نے ٹی ایم سی سے ترک تعلق کرکے بی جے پی میں شامل ہونا بھی برا فیصلہ قرار دیاتھا، انہوں نے ممتا بنرجی کو لکھے گئے خط میں لکھا تھاکہ پارٹی اور عہدے چھوڑنے کا فیصلہ جذباتی تھا، کیونکہ انہیں ان ایکٹیو ہونے سے ڈرتھا۔

اب پارٹی میں واپس آنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بشیر ہاٹ جنوبی حلقہ کے لئے بھی کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔مکل رائے گھر واپسی کی دوڑ میں نیا نام معلوم ہوتا ہے۔ بی جے پی کے اندرونی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وہ دوبارہ ٹی ایم سی میں آرہے ہیں۔ خیال ہو کہ ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ باغی لیڈروں کی گھر واپسی کا فیصلہ صدر لے گا،

تاہم پارٹی کے اندرونی ذرائع کا خیال ہے کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کو فی الحال ان رہنماؤں کی گھر واپسی میں کوئی جلدی نہیں ہے۔پارٹی کے اندر موجود ذرائع کا کہنا ہے کہ برے وقت میں پارٹی چھوڑنے والوں پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button