بین ریاستی خبریں

مغربی بنگال: ترنمول کا 108 میں سے 103 میونسپلٹی نشست پر قبضہ ، بھاجپاکو ملا ٹھینگا

کولکاتہ، 2مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت کے 10 ماہ بعدحکمراں ترنمول کانگریس نے بدھ کے روز بلدیاتی انتخابات میں بھی تمام اپوزیشن کوچاروں خانے چت کرکے ذلت آمیز شکست دیکر ریاست کی 108 میونسپلٹی نشست میں سے 102 پر قبضہ کر لیا۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے ایک اہلکار نے اس کی تصدیق کی ہے۔

ترنمول کانگریس کانتھی میونسپلٹی کو بچانے میں کامیاب رہی جو کہ اپوزیشن لیڈر اور نندی گرام سے بی جے پی ایم ایل اے سویندو ادھیکاری کا گڑھ ہے۔

نادیہ ضلع کے طاہر پور میونسپلٹی میں سی پی آئی (ایم) کی قیادت میں بایاں محاذ جیت گیا ہے۔ بی جے پی جو مغربی بنگال میں گزشتہ سال اسمبلی انتخابات میں 77 سیٹیں جیت کر اہم اپوزیشن پارٹی کے طور پر ابھری تھی، کے کھاتے میں ایک بھی نشست نہیں گئی ۔

کانگریس بھی ایک بھی شہری ادارہ نہیں جیت سکی، حالانکہ ان دونوں پارٹیوں نے کچھ شہروں کے کچھ وارڈوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ریاستی الیکشن کمیشن (SEC) کے ایک اہلکار نے کہا کہ ٹی ایم سی نے 102 میونسپلٹی نشست پر جیت حاصل کی ہے ۔

بائیں محاذ اور ہمرو پارٹی نے ایک ایک بلدیاتی نشست جیتی ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ٹی ایم سی کی سپریمو ممتا بنرجی نے بدھ کو مغربی بنگال کے عوام کا شہری انتخابات میں ان کی پارٹی کو زبردست مینڈیٹ دینے پر شکریہ ادا کیا اور جیتنے والے امیدواروں اور حامیوں سے عاجزی کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کی۔

انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ہمیں ایک اور بڑا مینڈیٹ دینے کے لیے ماں-ماٹی-منوش کا تہہ دل سے شکریہ۔ شہر ی انتخابات میں آل انڈیا ترنمول کانگریس کے جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد۔

ممتا بنرجی نے ایک اور ٹویٹر پوسٹ میں لکھاکہ اس جیت کے بعد ہماری ذمہ داری بڑھ جاتی ہے، مزید لگن سے کام کرنا ہو گا۔آئیے ہم سب مل کر امن، خوشحالی اور ریاست کی ترقی کے لیے کام کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button