
کولکاتہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بنگال میں اب کورونا ویکسین کے سرٹیفکیٹ کے حوالے سے سیاست شروع ہوچکی ہے۔ملک کی دیگر ریاستوں میں تو پی ایم مودی کی تصویر کرونا ویکسین سرٹیفکیٹ پر ہوا کرتی تھی ، لیکن بنگال حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹیکہ کاری کے تیسرے مرحلے میں جو سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے، ان میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر کے بجائے وزیر اعلی ممتا بنرجی کی تصویر ہوگی۔
بنگال حکومت کے اس فیصلے پر بی جے پی سیخ پا ہے۔ بی جے پی کے ترجمان سمیک بھٹاچاریہ نے کہا ہے کہ ترنمول کانگریس وزیر اعظم کے عہدہ کے وقار کا احترام نہیں کررہی ہے۔ یہ بنگال میں ایک الگ ملک کی طرح سلوک کر رہی ہے۔ ترنمول یہ ماننے کو تیار نہیں ہے کہ وہ جہاں ہیں ، یہ ہندوستان کی ریاست ہے۔
خیال رہے کہ بنگال میں انتخابات کے دوران بھی ترنمول نے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پر مودی کی تصویر پر اعتراض کیا تھا۔ ترنمول نے الیکشن کمیشن کو شکایت کی تھی کہ مودی کی تصویر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔



