بین الاقوامی خبریں

متحدہ عرب امارات میں ریٹائرڈ غیر ملکیوں کے لیے 5 برس کا اقامہ، شرائط کیا ہیں؟

دبئی ، 13اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)متحدہ عرب امارات نے ریٹائرڈ غیر ملکیوں کے لیے اقامہ جاری کرانے کی چھ شرائط کا اعلان کیا ہے۔ ریٹائرڈ غیر ملکیوں کو جاری ہونے والے اقامے کی مدت پانچ برس ہوگی ۔امارات الیوم کے مطابق ملازمتوں سے سبکدوش ہونے والے غیر ملکیوں کو جاری کیے جانے والے اقامہ کے لیے مقرر کی جانے والی چھ شرائط جن میں اہم ترین شرط مالی استطاعت کی ہے جس کے تحت ریٹائرڈ افراد کو کم ازکم 10 لاکھ درہم یا مساوی رقم کے ڈپازٹ کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔

مالیاتی شرط میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کو اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ وہ ڈپازٹ کی گئی رقم کوامارات منتقل کرے یا سرمایہ کاری میں استعمال کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں چھ ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ بھی جمع کرانا ہوگی ۔درخواست گزار کو سالانہ آمدنی کا سرٹیفکیٹ بھی دینا ہوگا جو ایک لاکھ 80 ہزار درھم یا اس کے مساوی ہو۔

اقامہ حاصل کرنے کے لیے ریٹائرڈ افراد کو پیشہ ورانہ تجربے کا سرٹیفیکٹ بھی پیش کرنا ہوگا جو کم از کم 15 برس کا ہونا چاہئے۔ درخواست کے ساتھ اپنی رنگین تصویر اور پاسپورٹ کی فوٹو کاپی جمع کرانا ہوگی۔

نیشنلیٹ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اقامہ حاصل کرنے والے ریٹائرڈ افراد اپنے اہل خانہ کے لیے بھی اقامہ جاری کرانے کے اہل ہونگے جس کے لیے ڈیجیٹل طریقے سے درخواست جمع کرائی جا سکے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button