
ممبئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور بیوٹی کوئین ایشوریہ رائے بچن نے ’دیوداس‘، ’جوش‘ اور ’محبتیں‘ سمیت کئی فلموں میں اکھٹے کام کیا ہے تاہم ایسا وقت بھی آیا جب ان کے پیشہ ورانہ تعلقات میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ایشوریہ رائے نے انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ خان نے ویر زارا Veer Zara اور چلتے چلتے جیسی ہٹ فلموں سمیت پانچ فلموں سے ان کو نکالا۔
ایشوریہ رائے سے جب پوچھا گیا کہ ایک ساتھ کامیاب فلموں میں کام کرنے کے باوجود شاہ رخ خان نے ان کو کئی فلموں سے نکالا تو اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’میں کیسے اس کا جواب دوں؟انہوں نے پروگرام ’رینڈوس ود سمی گریوال‘ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہاں اس وقت ایک دو دو فلموں سے متعلق بات ہو رہی تھی کہ ہم اس میں کام کریں گے اور پھر اچانک ایسا ہوا کہ وہ نہیں ہوا، کوئی وضاحت دیے بغیر۔‘شاہ رخ نے بعد میں اپنے فیصلوں پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے 2003 میں انڈیا ٹودے کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی کے ساتھ پراجیکٹ شروع کرنا اور ان کو بغیر کسی غلطی کے پھر تبدیل کرنا بہت مشکل ہے۔ یہ بہت افسوسناک ہے کیونکہ ایش ایک اچھی دوست ہیں۔ بذات خود میرے خیال میں، میں نے غلط کیا تاہم بطور پروڈیوسر کو اس کی وجہ سمجھ آتی ہے۔ میں نے ایش سے معافی مانگی۔
جب اس کے بارے میں بتایا گیا تو ایشوریہ نے سمی کو جواب دیا کہ ’میرے پاس اس کا جواب نہیں۔‘انہوں نے کہا کہ اس بارے کبھی شاہ رخ سے بات نہیں کی کیونکہ یہ ان کی فطرت میں نہیں۔ایشوریہ کا کہنا تھا کہ جب آپ کے پاس وضاحت نہیں ہوتی تو آپ کو تکلیف ہوتی ہے اور آپ کنفیوز ہوتے ہیں۔دونوں اداکاروں نے 2016 میں کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں کام کیا تھا جس میں شاہ رخ خان نے بطور مہمان اداکار کام کیا تھا۔



