نیویارک،9اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)خدمت خلق کو اگر امریکی ارب پتیوں کا پسندیدہ مشغلہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا مگر جس سرعت کے ساتھ میکنزی اسکاٹ MacKenzie Scott اپنی دولت خیرات کر رہی ہیں اس پہ دیکھنے والے تو کیا خود عطیات حاصل کرنے والے بھی حیران ہیں۔
سال 2019 سے اب تک وہ تقریبا بارہ ارب ڈالر عطیہ کر چکی ہیں۔ میکنزی اسکاٹ ویسے تو دنیا کی چوتھی امیر ترین خاتون ہیں مگر فوربز میگزین نے انہیں اپنی دولت تک لا محدود رسائی، اسے عطیہ کرنے کے عہد اور اس پر عمل کی وجہ سے دنیا کی طاقتور ترین خاتون قرار دیا ہے۔
فوربز میگزین کے مطابق میکنزی اسکاٹ کے اثاثوں کی مالیت اس وقت تقریباً 43.6 ارب ڈالرز ہے۔ان سے زیادہ امیر خواتین میں لورئیل کاسمیٹکس کی چئیر پرسن فرانسوا بیٹن کورٹ میئرز، وال مارٹ کے مالک خاندان کی رکن ایلس والٹن اور کوکھ انڈسٹریز کے خاندان کی جولیا کوکھ شامل ہیں۔
سال 2019 کے اوائل تک دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست میں مکنزی اسکاٹ کا نام دور دور تک کہیں نہیں تھا تو پھر انہوں نے اچانک اتنی کثیر دولت کیسے کمائی؟میکنزی اسکاٹ دراصل ای-کامرس اور ڈیجیٹل اسٹریمنگ کمپنی ایمیزون کے مالک اور دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص جیف بیزوس کی سابقہ اہلیہ ہیں۔مکنزی اسکاٹ نے جیف بیزوس سے سال 1993 میں امیزون کمپنی کے لانچ ہونے سے ایک سال پہلے شادی کی تھی۔
دونوں اس وقت ایک ہی کمپنی میں ملازمت کرتے تھے۔مکنزی اسکاٹ پرنسٹن یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ ہیں جس کے بعد انہوں نے نیو یارک کے ایک ہیج فنڈ میں ملازمت اختیار کی اور یہیں ان کی ملاقات جیف بیزوس سے ہوئی۔ محض تین ماہ بعد دونوں کی منگنی ہوئی اور 1993 میں وہ میکنزی اسکاٹ سے میکنزی بیزوس بن گئیں۔
میڈیا خبروں کے مطابق مکنزی اسکاٹ اپنے شوہر کی امیزون کمپنی لانچ کرنے کی خواہش میں ہر قدم ان کے ہمراہ رہیں۔ یہ جوڑا نیو یارک سے امریکی شہر سیئیٹل منتقل ہوا جہاں جیف بیزوس نے والدین سے قرض لے کر کمپنی کی بنیاد رکھی تو مکنزی اسکاٹ نے ایڈمسٹریشن اور مالی معاملات کا خیال رکھا۔1997 میں امیزون ایک پبلک کمپنی بن گئی اور اس کے اگلے ہی سال جیف بیزوس ارب پتی بن چکے تھے۔
شادی کے پچیس سال ساتھ گزارنے کے بعد اس جوڑے نے اپنی راہیں 2019 میں جدا کیں۔ طلاق کے بعد وہ ایک بار پھر مکنزی اسکاٹ بن گئیں مگر امیزون کمپنی کے تقریباً 36 ارب ڈالرز مالیت کے شیئرز بھی ان کے حصے میں آئے۔
طلاق کے فوراً بعد مکنزی اسکاٹ نے اپنی زندگی میں ہی اپنی آدھی دولت عطیہ کر دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ اور اس پر عمل کرتے ہوئے وہ اب تک تقریباً 12 ارب ڈالرز مختلف خیراتی اداروں کو تحفتاً دے چکی ہیں۔سال 2021 میں مکنزی اسکاٹ نے دوسری شادی کی۔ ان کے دوسرے شوہرسیئیٹل کے کئی اسکولوں میں سائنس کے استاد رہ چکے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ وہ خود مکنزی کے اپنے بچوں کے بھی ٹیچر رہے ہیں۔
میکنزی اسکاٹ ایک ناولسٹ ہیں، ویب سائٹ میڈیئم پر بلاگز بھی لکھتی ہیں۔ ویب سائٹ کے لیے اپنی تازہ تحریر میں وہ لکھتی ہیں کہ انہوں نے گزشتہ 9 ماہ کے عرصے میں 3.9 ارب ڈالرز 464 غیر منافع بخش تنظیموں میں تقسیم کیے۔



