ای ڈی،کجریوال کے فون کا پاس ورڈ کیوں جاننا چاہتی ہے؟ آتشی کا سوال
اروند کجریوال کو مزید چار دن کے لیے ای ڈی ریمانڈ پر بھیج دیا
نئی دہلی،29مارچ:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)عدالت نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کو مزید چار دن کے لیے ای ڈی ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ اب وہ یکم اپریل تک ای ڈی ریمانڈ پر رہیں گے۔ ای ڈی نے کہا کہ انہیں کجریوال کے فون سے کچھ ڈیٹا چیک کرنا ہے۔ اس کے بارے میں آج عام آدمی پارٹی لیڈر اور دہلی کے وزیر تعلیم آتشی نے کہا کہ ای ڈی بی جے پی کے سیاسی ہتھیار کے طور پر کام کر رہا ہے اور وہ عام آدمی پارٹی کی لوک سبھا انتخابی حکمت عملی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے فون تک رسائی حاصل کرنا چاہتا ہے۔
آتشی نے کہا کہ کل راؤز ایونیو کورٹ میں اروند کجریوال کی ریمانڈ کی سماعت کے دوران ای ڈی کے وکیل اے ایس جی ایس وی راجو نے انجانے میں ایجنسی کے اصل مقصد کو عدالت اور دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا۔ اروند کیجریوال کی حراست میں مزید کچھ دن کی توسیع کی گئی کیونکہ ای ڈی نے کہا کہ کجریوال نے انہیں اپنے فون کا پاس ورڈ نہیں دیا ہے۔ آتشی نے الزام لگایا کہ ای ڈی کجریوال کے موبائل فون کی جانچ کرے گی۔
یہ فون کافی پرانا ہے اور اس وقت بھی موجود نہیں تھا جب پالیسی بنائی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ایجنسی بی جے پی کے سیاسی ہتھیار کے طور پر کام کر رہی ہے۔اے اے پی لیڈر کجریوال حکومت میں ایک وزیرہیں، نے کہا کہ دراصل یہ بی جے پی ہے، ای ڈی نہیں، جو جاننا چاہتی ہے کہ کجریوال کے فون میں کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ای ڈی کجریوال کے نئے فون کا پاس ورڈ جاننا چاہتی ہے؛ کیونکہ اس سے عام آدمی پارٹی کی طرف سے بنائی گئی لوک سبھا انتخابی حکمت عملی، انڈیا الائنس کے لیڈروں کے ساتھ بات چیت اور سوشل میڈیا پلاننگ کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔



