بین الاقوامی خبریںسرورق

انڈونیشیا اپنا دارالحکومت جکارتہ سے 2000 کلومیٹر دور کیوں لے جا رہا ہے؟

وہ کیا اسباب ہیں جن کی وجہ سے انڈونیشیا اپنا دارالحکومت منتقل کررہا ہے؟

جکارتہ ، 10مارچ :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) انڈونیشیا اپنا دارالحکومت جکارتہ سے دو ہزار کلومیٹر دور ایک جزیرے میں منتقل کررہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جزیرے پر آباد ہونے والا یہ نیا شہر سرسبز و شاداب ہوگا اور اس میں ماحولیاتی تحفظ کو مرکزی اہمیت دی جائے گی۔انڈونیشیا کے حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ بورنیو کالیمنتن صوبے کے جزیرے پر تعمیر ہونے والے نئے دارالحکومت کو 2045 تک کاربن نیوٹرل بنادیں گے۔

تاہم ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کا موقف ہے کہ بورنیو جزیرے میں بڑے پیمانے پر جنگلات کی کٹائی سے معدومی کے خطرے سے دوچار بندروں کی اورنگوٹان نسل اور مقامی کمیونٹیز متاثر ہوں گے۔لیکن وہ کیا اسباب ہیں جن کی وجہ سے انڈونیشیا اپنا دارالحکومت منتقل کررہا ہے؟ اور اس سے متعلق کیا خدشات پائے جاتے ہیں؟ ان سوالات پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

جکارتہ لگ بھگ ایک کروڑ آبادی کا شہر ہے۔ اسے دنیا کا سب سے تیزی سے ڈوبتا ہوا شہر بھی کہا جتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 2050 تک جکارتہ کا ایک تہائی حصہ سمندر میں ڈوب جائے گا۔ اس کی ایک بنیادی وجہ بڑے پیمانے پر زیرِ زمین پانی نکالنا ہے۔ لیکن ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث بحیرہ جاوا کی سطح بلند ہونے سے شہر کے سمندر میں ڈوبنے کی رفتار تیز ہوگئی ہے۔جکارتہ کا زمینی پانی اور ہوا انتہائی آلودہ ہے۔شہر میں اکثر سیلاب آتے رہتے ہیں۔شہر اس قدر گنجان ہوچکا ہے کہ اس میں سفر کے دوران رکاوٹوں اور ٹریفک جام کی وجہ سے شہریوں کو سالانہ ساڑھے چار ارب ڈالر کے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدیدو نے شہر کے ان حالات کے پیش نظر 2019 میں دارالحکومت کے لیے نیا شہر بسانے کا فیصلہ کیا تھا۔صدر ویدیدو نے نوسانتارا کے نام سے نیا شہر بسانے کا منصوبہ پیش کیا تھا۔

جاوانیز زبان میں یہ لفظ جزائر کے مجموعے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ابتدائی اندازے کے مطابق اس شہر میں 15 لاکھ سرکاری ملازم منتقل ہوں گے۔ یہ شہر جکارتہ سے دو ہزار کلومیٹر فاصلے پر ہے۔ تاہم حکومتی ادارے متنقل ہونے والے ملازمین کی تعداد کا حتمی تعین کررہی ہیں۔نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لیے بنائی گئی اتھارٹی کے سربراہ بمبانگ سوسانتونو کے مطابق ملک کا نیا دارالحکومت فوریسٹ سٹی ہوگا جس کے 65 فی صد حصے پر درخت اگائے جائیں گے۔نوتعمیر دارالحکومت کا افتتاح رواں برس 17 اگست کو انڈونیشیا کے یومِ آزادی کے موقع پر متوقع ہے۔ تاہم کیپٹل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شہر کی تکمیل 2045 تک ہوگی جب انڈونیشیا کی آزادی کو بھی 100 برس مکمل ہوجائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button