میری تقریر سے میرے الفاظ کیوں ہٹائیں ، راہل گاندھی کا صحافی سے سوال
پارلیمنٹ راہل گاندھی بدھ (8 فروری) کو پارلیمنٹ پہنچے تو انہوں نے کہا کہ ان کے بیان سے الفاظ کیوں ہٹائے گئے؟
نئی دہلی ،8فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) کانگریس کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بدھ (8 فروری) کو پارلیمنٹ پہنچے تو انہوں نے کہا کہ ان کے بیان سے الفاظ کیوں ہٹائے گئے؟ جب راہل گاندھی پارلیمنٹ پہنچے تو پی ایم مودی لوک سبھا میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کے دوران تقریر کر رہے تھے۔درحقیقت راہل گاندھی جیسے ہی اپنی گاڑی سے اتر کر پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونے کے لیے گئے تو انہوں نے باہر کھڑے میڈیا والوں کی طرف دیکھا اور کہاکہ میرے الفاظ کیوں ہٹائے گئے؟‘ رپورٹر ان سے سوال کرنا چاہتے تھے، لیکن راہل گاندھی نے دو تین بار یہی بات دہرائی کہ میرے الفاظ کیوں ہٹا دیے گئے۔ راہل گاندھی کے اس بیان کا ویڈیو منظر عام پر آیا ہے ۔خیا ل رہے کہ منگل (7 فروری) کو لوک سبھا میں راہل گاندھی نے مودی حکومت اور اڈانی گروپ کے درمیان مبینہ تعلقات پر تنقید کی۔
راہل گاندھی کی ایوان میں دی گئی تقریر کے کچھ حصوں کو پارلیمنٹ کے ریکارڈ سے نکال دیا گیا تھا۔ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ نے راہل گاندھی کی تقریر کی مخالفت کی۔ جب راہل کی تقریر کے کچھ حصوں کو کارروائی سے ہٹا دیا گیا تو کانگریس پارٹی نے کہا کہ ایوان میں جمہوریت کو تباہ کرنے کا کام کیا گیا ہے۔راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران کہا تھاکہ جب وزیر اعظم دہلی آتے ہیں،تو 2014 میں اصلی جادو شروع ہوجاتا ہے۔ میں نے کہا کہ 2014 میں وہ (اڈانی) 609 نمبر پر تھے، چند سالوں میں وہ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔میں آپ کو دو تین صنعت کاروں کی مثال دیتا ہوں۔ آئیے ہوائی اڈے کی بات کرتے ہیں۔ چند سال پہلے حکومت نے بھارت کے ہوائی اڈوں کو ترقی دینے کا اختیار دیا۔ قاعدہ یہ تھا کہ کوئی بھی ایسا شخص جس کے پاس ایئرپورٹ کا سابقہ تجربہ نہ ہو ان ایئرپورٹس کی ترقی میں شامل نہیں ہو سکتا۔لیکن سرکار نے جو کچھ ایئر پورٹ کے متعلق جو کچھ کیا ہے، اسے آپ بخوبی جانتے ہیں ۔



