شوہر کی دوسری شادی سے بیوی ناراض ،پہلی نے لگائی گھر میں آگ میاں بیوی اور دوسری بیوی سمیت 4 افراد جھلس کرجاں بحق
دربھنگہ؍پٹنہ ،14مئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دربھنگہ میں خاندانی جھگڑے میں بیوی نے اپنے ہی گھر کو آگ لگادی جس سے چار افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ بیرول تھانہ علاقہ کے سپول بازار کے شیخ پورہ محلہ کا ہے۔ اطلاعات کے مطابق خورشید عالم کی دونوں بیویوں کے درمیان جھگڑا چل رہا تھا۔ اس جھگڑے پر اس کی پہلی بیوی پروین نے ناراض ہو کر سنیچر کی صبح گھر کو آگ لگا دی۔ گھر کو آگ لگانے والی پروین سمیت چار افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔40 سالہ خورشید عالم اور ان کی دوسری بیوی روشن خاتون جو اس واقعے میں بری طرح جھلس گئے تھے، کو علاج کے لیے دربھنگہ میڈیکل کالج اسپتال (ڈی ایم سی ایچ) میں داخل کرایا گیا تھا۔ لیکن علاج کے دوران دونوں کی بھی موت ہو گئی۔
بتایا جا رہا ہے کہ مستری کا کام کرنے والے خورشید عالم کی شادی تقریباً دس سال قبل پروین سے ہوئی تھی۔ لیکن اولاد نہ ہونے کے بعد خورشید نے دو سال قبل پڑوسی گاؤں کی 32 سالہ روشن خاتون سے دوسری شادی کر لی۔ پروین اپنے شوہر کی دوسری شادی سے خوش نہیں تھی۔ وہ مسلسل اس کی مخالفت کر رہی تھی۔ انہوں نے خورشید کو سنگین نتائج سے خبردار بھی کردیا تھا۔ اس معاملے پر خورشید عالم کی دونوں بیویوں کے درمیان کئی بار جھگڑا بھی ہو چکا تھا۔
پورے معاملے پر ڈی ایس پی امیت کمار نے چار لوگوں کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ہفتہ کی صبح تقریباً 5 بجے پیش آیا۔ اسپتال میں داخل خورشید عالم نے مرنے سے قبل پولیس کو اپنا بیان دیا تھا جس کے مطابق ان کی پہلی بیوی کو کچھ لوگوں نے اُکسایا تھا جس کی وجہ سے اس نے اتنا بڑا واقعہ انجام دے دیا گیا۔ پولیس نے مشتعل کرنے والے شخص کا نام بتانے سے انکار کر دیا ہے۔ پولیس نے خورشید عالم کے بیان پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔



