بین الاقوامی خبریں

امریکہ میں سرمائی طوفان، پورا ملک جان لیوا سردی کی زد میں

زبردست برفانی طوفان کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس کی وجہ سے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت منفی 50 ڈگری فارن ہائیٹ تک گر گیا

نیویارک، 23دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ ‘مہلک’ ہونے کے ساتھ ہی امریکہ اور کینیڈا میں تباہی مچا سکتا ہے۔ اس کی وجہ سے کرسمس کے تہوار کے موقع پر چار ہزار سے بھی زیادہ پروازوں کو اب تک منسوخ کیا جا چکا ہے۔امریکی محکمہ موسمیات نے 22 دسمبر جمعرات کے روز ملک کے بیشتر حصوں میں خطرناک ترین سرد موسم سے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ  زبردست برفانی طوفان کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس کی وجہ سے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت منفی 50 ڈگری فارن ہائیٹ تک گر گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے قطب شمالی میں اٹھنے والے طوفان کے سبب کم از کم ہفتے کے روز تک وسط مغربی، کینیڈا کی سرحد سے متصل جھیلوں اور شمال مشرقی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

اس کا مطلب یہ ہوا کہ ملک کے تقریبا ًساڑھے چونتیس کروڑ باشندوں میں سے 20 کروڑ سے بھی زیادہ لوگوں کو اختتام ہفتہ کرسمس کے موقع پر شدید قسم کے موسم کا سامنا رہے گا۔ کئی عشروں کے بعد ملک کو اس تقریب کے موقع پر اس قدر سخت سردی کا سامنا ہے۔جمعرات کو ریاست مونٹانا کے ایک علاقے میں درجہ حرارت ڈرامائی طور پر گر کر منفی 45 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ یہ ریاست شمال میں کینیڈا کی سرحد سے ملتی ہے۔ مونٹانا کے علاوہ شمالی اور جنوبی ڈکوٹا، نیبراسکا اور وائیومنگ جیسی ریاستوں کو بھی شدید سردی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔امریکی محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ابھی تک برفانی طوفان کا سلسلہ شروع نہیں ہوا، جس کے آغاز کے بعد موسم مزید شدید تر ہو جائے گا۔ امریکہ-کینیڈا کی سرحد کے قریب بڑی جھیلوں میں سب سے زیادہ برف باری کا امکان ہے، جس میں مجموعی طور پر دو سے چار فٹ تک برف پڑنے کی توقع ہے۔

سال کے اختتام پر کرسمس کا موقع سفر کے لیے مصروف ترین وقت ہوتا ہے۔ ان تعطیلات کے دوران لوگ اکثر چھٹوں پر نکلتے ہیں، تاہم خراب موسم کی وجہ سے ایسے تمام منصوبے متاثر ہو رہے ہیں۔ جمعے کی صبح تک ہزاروں پروازیں منسوخ کی جا چکی تھیں۔فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ ’فلائٹ اویئر‘ کے مطابق جمعرات کے روز ہی 2,350 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں، جبکہ جمعے کو مزید 2,120 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ ویب سائٹ کے مطابق جمعرات کو 8,450 پروازیں تاخیر کا بھی شکار ہوئیں۔حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طوفان کی وجہ سے بجلی منقطع ہو سکتی ہے اور لوگوں کو سفر ملتوی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ گزشتہ برس اس موقع پر سفر کووڈ کی وبا کی وجہ سے مشکل ہو گیا تھا اور اس بار موسم کی خرابی کی وجہ سے ایسا ہوا ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ اس کی وجہ سے ریکارڈ سردی اور جان لیوا ہوائیں عظیم میدانی علاقوں میں جمعہ تک ملک کے مشرقی نصف حصے تک پھیل جائیں گی۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت 40 سے 70 ڈگری منفی فارن ہائیٹ یعنی 40 سے 54 سینٹی گریڈ منفی تک گرنے کی توقع ہے۔ تیز جھونکوں اور بھاری برفباری سے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے اور سفر میں خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button