
ریاض،22دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)عالم اسلام ہجری سال 1443 (2022 عیسوی) کے لیے رمضان کے بابرکت مہینے کا بے تابی سے انتظار کر رہا ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق ماہ صیام کی آمد کو فی الحال تین ماہ اور بارہ دن باقی ہیں۔مصری فلکیات کے انسٹی ٹیوٹ کے مطابق یکم اپریل 2022 بہ مطابق 29 شعبان المعظم کی شام کو رمضان المبارک کا چاند دیکھا جائیگا۔
توقع ہے کہ اسی شام رمضان المبارک کا چاند نظرآجائے گا۔اور فلکیاتی اعتبار سے ماہ رمضان کا آغاز 2 اپریل 2022 بروز ہفتہ کو ہوگا اور اس طرح فلکیاتی حسابات کے مطابق ماہ مقدس کی آمد میں 102 دن باقی ہیں۔جہاں تک ماہ رجب کے آغاز کی بات ہے تو رجب کا چاند 29 جمادی الثانی 1443 ہجری بہ روز منگل سعودی وقت کے مطابق ٹھیک 8:46 بجے (قاہرہ وقت کے مطابق 7:46) پر پیدا ہوگا۔
ماہر فلکیات کیمطابق مصری ادارہ فلکیات کے ابتدائی حسابات سے پتا چلتا ہے کہ سال 1443 ہجری کے لیے رجب کی پہلی تاریخ بدھ 2/2 2022 کو ہوگی۔خیال رہے کہ ہجری، قمری یا اسلامی کیلنڈر مہینوں کے تعین کے لیے قمری چکر پر مبنی حساب کتاب رکھتا ہے۔
بعض عرب ممالک جن میں سعودی عرب بھی شامل ہے قمری کیلنڈر کو سرکاری کیلنڈرکے طور پر استعمال کرتا ہے۔ اسلامی کیلنڈر کا آغازخلیفۃ المسلمین حضرت عمربن الخطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دور سے ہوا۔ انہوں نے 12 ربیع الاول بمطابق 24 ستمبر622 سے قمری اسلامی سال کا آغاز ہجرت مدینہ سے کیا۔



