
بنکاک :(ایجنسیاں) تھائی لینڈ میں ایک خاتون اس وقت حیران و پریشان ہو گئی جب اسے ساحل کنارے اپنے گھر کے پاس چار کروڑ روپے سے زائد مالیت کی وہیل مچھلی کی اگلی ہوئی ایک چیز ملی۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق دو ہفتے قبل 49 سالہ سری پورن نیمرین بارش کے بعد ساحل پر چہل قدمی کر رہی تھیں کہ انہیں کچھ مادہ دکھائی دیا۔ اس کے معائنہ پر انہوں نے محسوس کیا کہ اس میں سے مچھلی جیسی خوشبو آ رہی ہے۔
https://twitter.com/catastrofesmun/status/1367334957048340486
سری پورن نیمرین اسے اس امید پر گھر لے آئیں کہ شاید اس سے کچھ پیسے کما سکے۔اس بیضوی شکل جیسی چیز کے معائنے کے لیے انہوں نے اپنے ہمسایوں سے مدد طلب کی اور اس وقت حیران رہ گئیں جب انہیں بتایا گیا یہ وہیل نے اگلا ہے اور یہ ’امبرگریس‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس 12 انچ چوڑے اور 24 انچ لمبے امبرگریس کا وزن سات کلو کے قریب ہے اور اس کی قیمت ایک لاکھ 86 ہزار پانچ سو پاؤنڈ ہے۔
یہ جاننے کے لیے کہ یہ امبرگریس اصل ہے کہ نہیں، سری پورن نیمرین اور ان کے ہمسایوں نے اس کے ایک ٹکڑے کو آگ بھی لگائی۔ جو پگھل کر ٹھنڈا ہونے پر دوبارہ سخت ہو گیا۔ سری پورن نیمرین کو اب ماہرین کا انتظار ہے کہ وہ آئیں اور اس کے اصل ہونے کی تصدیق کریں۔اس انوکھی دریافت پر ان کا کہنا ہے کہ اگر میرے پاس واقعی اصل امبرگریس ہوا تو اس کا خریدار ملتے ہی میں اپنی کمیونٹی کی مدد کروں گی۔
خیال رہے کہ امبرگریس سپرم وہیلز کے اندر پیدا ہوتا ہے اور پرفیوم بنانے کی صنعت میں اس کی بہت مانگ ہے ،کیونکہ اس کی مدد سے خوشبو زیادہ دیر تک برقرار رہتی ہے۔



