دنیا میں پہلی مرتبہ روبوٹ کے ذریعے مصنوعی ہارٹ پمپ کی تنصیب
روبوٹ کے ذریعے قدرتی دل کی پیوند کاری کا دنیا کا پہلا آپریشن انجام دیا
ریاض، 17جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)عالمی سطح پر طب کے شعبے میں ایک نئی کامیابی سامنے آئی ہے۔ ریاض کے کنگ فیصل اسپشلسٹ اسپتال میں ایک 35 سالہ مریض کے دل میں مصنوعی ہارٹ پمپ(Heart Mate 3) کی پیوند کاری مکمل طور پر روبوٹ کے ذریعے کی گئی۔اس سے قبل دل کے سنگین طور سے ناکارہ ہونے کے سبب مریض 120 روز سے اسپتال میں داخل تھا۔ اس دوران اس کے گردوں اور پھیپھڑوں نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔اس کامیاب آپریشن کے بعد نوجوان کا اپنے گھر واپس جانے کا خواب پورا ہو سکے گا۔یہ آپریشن کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال کے ہارٹ سرجری کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر فراس خلیل کی قیادت میں روبوٹک سرجری کی ماہر ٹیم نے انجام دیا۔
آپریشن کے بعد مریض کو صرف 4 روز تک انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں رکھا گیا۔اس کے مقابل روایتی طریقے سے کیے جانے والے اس نوعیت کے آپریشن کے بعد مریض کو اوسطا 26 روز تک آئی سی یو میں رکھا جاتا ہے۔ روایتی طریقے میں سینے میں زیادہ بڑا چیرا لگایا جاتا ہے اور صحت کی بحالی میں زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔ اسی طرح آپریشن کے بعد مریض کو اوسطا 63 روز تک اسپتال میں رہنا پڑتا ہے جب کہ روبوٹک سرجری کے بعد ڈاکٹروں کو توقع ہے کہ مریض 10 روز کے اندر اسپتال سے چلا جائے گا۔
کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ماجد الفیاض نے اس کامیابی کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ عالمی سطح پر اس نوعیت کا پہلا آپریشن جرات مندانہ جدت اور سلامتی کی ٹھوس تدابیر کے درمیان توازن کے حوالے سے ہماری صلاحیتیں باور کراتا ہے۔یہ کامیابی کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال کی کامیابیوں کے سلسلے کا حصہ ہے جس نے روبوٹک سرجری کے شعبے میں عالمی سطح پر اپنا مقام منوایا ہے۔ یہاں چند ماہ قبل مکمل طور پر روبوٹ کے ذریعے قدرتی دل کی پیوند کاری کا دنیا کا پہلا آپریشن انجام دیا گیا۔ اسی طرح دنیا میں روبوٹ کے ذریعے جگر کی پیوند کاری کا پہلا کامیاب آپریشن کیا گیا۔



