چین میں ادویات کی تیاری میں استعمال، ایک پینگولین کی عالمی مارکٹ میں قیمت 20 لاکھ روپئے
حیدرآباد۔:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) آندھرا پردیش کے ایلور ضلع کے جنگلاتی علاقوں میں پایا جانے والا جانور پینگولین pangolin جسے عرف عام میں منگوز کہا جاتا ہے اس کی چین اور دیگر ممالک میں کافی مانگ ہے۔ اس جانور کو ادویات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے لہذا اس جانور کے حصول کیلئے آندھرا پردیش میں کئی ٹولیاں سرگرم ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بین الاقوامی مارکٹ میں ایک پینگولین کی قیمت تقریباً 20 لاکھ روپئے تک ہے کیونکہ اسے انتہائی قیمتی ادویات کی تیاری کیلئے چین میں استعمال کیا جاتا ہے۔ ایلور کے علاقوں میں اس جانور کی تلاش میں ٹولیاں سرگرم ہیں تو دوسری طرف محکمہ جنگلات کے عہدیدار جانوروں کے تحفظ کے اقدامات کررہے ہیں۔
یہ جانور جس کے جسم پر جلد خاردار ہوتی ہے اسے دوسرا جانور آسانی سے شکار نہیں بناسکتا۔ یہ جانور انتہائی طاقتور اور مضبوط ہوتا ہے۔ چینیز پینگولین، ایشیا پینگولین کے علاوہ مزید دو اقسام کے پینگولین دنیا کے مختلف حصوں میں پائے جاتے ہیں۔ ان میں سے ایک پینگولین کی کافی مانگ ہے۔ چار پیروں کے ساتھ یہ جانور تقریباً 20 سال زندہ رہ سکتا ہے۔ یہ جنگلاتی علاقوں کے علاوہ بارش کے مقامات پر نظر آتا ہے۔ پہلی مرتبہ اس جانور کو 1821 عیسوی میں دریافت کیا گیا۔
یہ جانور دو سال میں ایک مرتبہ بچوں کو جنم دیتا ہے اور بندر کی طرح اپنے بچوں کو اپنے ساتھ رکھتا ہے۔ یہ دن سے زیادہ رات کی تاریکی میں نظر آتا ہے۔ اس جانور میں اپنے دفاع اور حملہ کی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔
چین میں جن ادویات میں اس جانور کا استعمال ہوتا ہے ان کی تفصیلات بھلے ہی مخفی ہیں لیکن بین الاقوامی مارکٹ میں ایک پینگولین pangolin کی قیمت تقریباً 20 لاکھ بتائی جاتی ہے۔ اسی دوران محکمہ جنگلات کے حکام نے ایلور اور دیگر مقامات پر پینگولین کے تحفظ پر توجہ مرکوز کی ہے اور سرگرم ٹولیوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حال ہی میں دو افراد کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کیا گیا۔ پینگولین کو پکڑنے پر پانچ سال کی قید اور پانچ لاکھ روپئے تک جرمانہ کی سزا ہوسکتی ہے۔



