اسپورٹسسرورق

ڈبلیو ٹی سی فائنل: آئی سی سی کے ہر بڑے مقابلے کے فائنل میں کھیلنے والے وراٹ کوہلی دنیا کے پہلے کھلاڑی

نئی دہلی ،19؍ جون:(اردودنیا/ایجنسیاں)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اپنے کرکٹ کیریئر میں مسلسل نئے ریکارڈ بنا رہے ہیں۔ جونہی وہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں داخل ہوئے انہوں نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ وراٹ کوہلی اب آئی سی سی کے ہر بڑے مقابلے کے فائنل میں کھیلنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

وراٹ کوہلی کو یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لئے ایک دن کا انتظار کرنا پڑا کیوں کہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل میچ پہلے دن بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا۔وراٹ کوہلی کا یہ سفر سال 2011 میں اس وقت شروع ہوا تھا جب انہوں نے دھونی کی کپتانی میں ون ڈے ورلڈ کپ کا فائنل میچ کھیلا تھا۔ اس سال ہندوستان نے دوسری بار ون ڈے ورلڈ کپ کا خطاب جیتا اور فائنل میں سری لنکن ٹیم کو شکست دی تھی۔

دو سال بعد وراٹ کوہلی ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے جس نے انگلینڈ کو آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں شکست دے کر خطاب جیتا۔ اس میچ میں وراٹ کوہلی سب سے زیادہ 34 گیندوں میں 43 رنز بنائے تھے۔اس کے بعد سال 2014 میں انہیں ایک بار پھر دھونی کی کپتانی میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں کھیلنے کا موقع ملا، لیکن اس میچ میں ہندوستان کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس میچ میں وراٹ کوہلی نے سب سے زیادہ 58 گیندوں پر 77 رنز بنائے تھے، لیکن ٹیم انڈیا 131 رنز کے اسکور کا دفاع نہیں کرسکی۔ اس کے بعد جب دھونی نے ہندوستانی ٹیم کی کپتانی چھوڑ دی، تو وراٹ کوہلی نے 2017 چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ٹیم کی کپتانی کی۔سال 2020 تک وراٹ اور دھونی ہندوستان کی طرف سے آئی سی سی کے ہر بڑے ایونٹ کے فائنل میں حصہ لینے والے کھلاڑی تھے، لیکن دھونی نے 2020 میں بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔

اس کے بعد وراٹ 2021 میں ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل کا حصہ بن گئے ہیں اور دھونی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وراٹ کوہلی نے 2008 کے انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کی تھی اور یہ خطاب پر قبضہ بھی کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button