
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی ہائی کورٹ میں دومفادعامہ (پی آئی ایل)عرضیاںدائر کی گئیں ہیں جن میں درخواست کی گئی ہے کہ کووڈ 19 کے باعث ہوئے یتیم بچوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور جب تک ان کو قانونی طور پرتحفظ نہیں دیا جاتا ہے، تب تک انھیں اسمگلنگ سے بچایا جائے۔ اس سلسلے میں ہائی کورٹ نے مرکزی اور دہلی حکومتوں سے جواب مانگاہے۔چیف جسٹس ڈی اے پٹیل اور جسٹس جسسمیت سنگھ کی بنچ نے درخواست پر مرکزی وزارت داخلہ، وزارت بہبودبرائے خواتین واطفال، وزارت صحت، عام آدمی پارٹی کے زیرقیادت حکومت اور سٹی پولیس کو نوٹس جاری کیا۔
یہ عرضی سپریم کورٹ میں ایڈووکیٹ آن ریکارڈ جتندر گپتا کے ذریعہ دائر کی گئی ہے، جس میں ان مریضوں کے لئے بھی مالی مدد کی درخواست کی گئی ہے جو اسپتال میں داخلہ، آکسیجن اور دوائیوں کی کمی جیسی پریشانیوں کے سبب مر چکے ہیں۔عدالت نے ایک دوسری درخواست پر مرکز، دہلی حکومت، نیشنل چائلڈ پروٹیکشن کمیشن (این سی پی سی آر) اور دہلی چائلڈ پروٹیکشن کمیشن (ڈی سی پی سی آر) کو نوٹس جاری کیا ہے۔
یہ پی آئی ایل ایڈوکیٹ آنند نے دائر کی ہے جنہوں نے وباکے درمیان بچوں کی اسمگلنگ روکنے کیلئے کووڈ 19یاکسی دوسری وجہ سے جان گنوانے والے لوگوں کے بچوں اور چھوڑدئے گئے بچوں کی بحالی کے لئے ایکشن پلان یا رہنما خطوط بنانے کی درخواست کی ہے۔ ساتھ ہی جووینائل جسٹس ایکٹ 2015 کی تعمیل میں ایسے بچوں کو گود لینے کے عمل کو باقاعدہ بنانے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔



