یمن سے ڈرون حملہ، ایلات ہوٹل تباہ، یروشلم اور تل ابیب میں سائرن
ڈرون ایلات کے ایک ہوٹل میں ٹکرایا جس سے عمارت میں آگ لگ گئی
تل ابیب :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)اسرائیلی میڈیا کے مطابق جمعرات کی شام جنوبی شہر ایلات کے ایک ہوٹل پر یمن سے آنے والا ڈرون گرنے سے عمارت میں آگ بھڑک اُٹھی اور علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ یہ واقعہ جنگ کے آغاز کے بعد ایلات پر ہونے والے سب سے بڑے حملوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی براڈکاسٹنگ اتھارٹی کے مطابق ڈرون ہوٹل کے داخلی حصے میں گرا اور اس کے فوراً بعد شعلے عمارت کی بالائی منزلوں تک پھیل گئے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں عمارت سے دھواں اور آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے چند لمحے قبل ایئر ریڈ سائرن بجائے گئے تھے جبکہ سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ اس حملے کے بعد اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اپنا طے شدہ بیان مؤخر کر دیا جس سے حملے کی شدت اور نقصان کے بارے میں شکوک و شبہات بڑھ گئے۔
اسرائیلی آرمی ریڈیو نے تصدیق کی کہ ایلات حملے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد فضائیہ نے یمن سے آنے والا دوسرا ڈرون بھی فضا میں ہی مار گرایا۔ فوج کا کہنا ہے کہ یمن سے فائر کیا گیا ایک میزائل بھی روک لیا گیا، جبکہ یروشلم اور تل ابیب میں سائرن بجنے کی اطلاعات ملیں۔
یہ حملے محاذ کے وسعت اختیار کرنے کی واضح علامت قرار دیے جا رہے ہیں۔ ایلات، جو بحیرہ احمر کے کنارے اردن اور مصر کی سرحدوں کے قریب واقع ہے، جنگ کے آغاز سے وقفے وقفے سے نشانہ بنتا رہا ہے، مگر جمعرات کا حملہ شہری ڈھانچے کو سب سے زیادہ نقصان پہنچانے والا واقعہ ہے۔
ہوم فرنٹ کمانڈ نے ایلات میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فائر بریگیڈ کو عمارت سے لوگوں کے انخلا اور آگ بجھانے میں مصروف کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے تاحال جانی نقصان یا نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔



