منیش سسودیانے دہلی ماڈل پیش کیا،پنجاب میں فیس بڑھانے پر پابندی لگائی گئی
نئی دہلی10اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوپی الیکشن کے بعدمہنگائی کی مارتیزی سے پڑرہی ہے۔ہرچیزمہنگی ہوگئی ہے۔اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے پرائیویٹ اسکولوں کو فیس بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔ پیٹرول، ڈیزل، دودھ، مہنگی کاپی کتابوں کے بعد اسے عام آدمی کے لیے ایک اور بڑا دھچکا سمجھا جا رہاہے۔
یوپی حکومت نے اس سے پہلے جنوری 2022 میں لگاتار تیسرے سال فیس میں اضافے کو روک دیا تھا، جسے اب ہٹا دیاگیاہے۔ یوپی کی ایڈیشنل چیف سکریٹری (ثانوی تعلیم) آرادھنا شکلانے کہاہے کہ پرائیویٹ اسکول تعلیمی سیشن 2022-23 سے اپنی فیسوں میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ لیکن صرف پانچ فیصد اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
اس کے لیے سال 2019-20 کے تعلیمی سیشن کو بنیاد تصور کیا جائے گا۔ یعنی اس وقت جو فیس تھی، اس میں 5 فیصد اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں تمام ضلعی سکول انسپکٹرز کو خط بھیجا گیا ہے۔ حکومت نے یہ قدم اس وقت اٹھایا ہے جب الہ آباد ہائی کورٹ نے ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یوپی حکومت سے اسکولوں میں فیسوں میں اضافے پر پابندی کے حکومتی حکم پرجواب طلب کیا تھا۔
نجی اسکولوں کو سال 2020-21 اور سال 2021-22 میں فیسوں میں اضافے کی اجازت نہیں دی گئی۔ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے یوگی حکومت پر نجی اسکولوں کو فیس بڑھانے کی اجازت دینے کے لیے ملک کو ان پڑھ رکھنے کا الزام لگایا۔ بی جے پی کو والدین کی حالت کو سمجھنا چاہیے۔
دہلی کے وزیر تعلیم منیش سسودیا نے کہاہے کہ 16 مارچ کو پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بننے کے 10 دنوں کے اندر، وزیر اعلی بھگونت مان نے نجی اسکولوں کو فیسوں میں اضافہ نہ کرنے کا حکم جاری کیاہے جبکہ 25 مارچ کو اتر پردیش میں بی جے پی کی حکومت بنی اور اس نے ایک حکم نامہ پاس کیا کہ پرائیویٹ اسکولوں کو فیس بڑھانے اور والدین کو لوٹنے کی مکمل آزادی ہے۔
وہیں کوویڈ 19 کی وبا کے دوران بہت سے لوگوں کی روزی روٹی ختم ہو گئی تھی اور ایسی صورت حال میں فیس میں اضافہ ان کے لیے مشکلات کا باعث بنے گا۔منیش سسودیانے کہاہے کہ وہ سرکاری اسکولوں کی بہتری کے لیے کام نہیں کر سکتے۔ عام آدمی کہاں جائے گا؟
کوویڈ کے دوران لوگوں نے اپنی ملازمتیں کھو دیں۔ آپ سرکاری سکولوں کی حالت بہتر کرنے کے لیے کام نہیں کریں گے اور پرائیویٹ سکولوں کو فیسیں بڑھانے دیں گے۔ آپ ملک کو ان پڑھ رکھنا چاہتے ہیں۔ یہ بی جے پی کا طرز حکمرانی ہے۔ والدین کا بھی خیال کریں۔
منیش سسودیانے کہاہے کہ اس سے پہلے، دہلی کے پرائیویٹ اسکول من مانی طور پر فیس بڑھا سکتے تھے، لیکن ہم نے اسے 2015 میں روک دیا۔ پچھلے سات سالوں میں ہم نے پرائیویٹ اسکولوں کو فیس بڑھانے سے روکا اور اس کے بعد ہم نے ایک ایسا نظام نافذکیاہے کہ اگر وہ فیس بڑھانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے دہلی حکومت سے اجازت لینی ہوگی۔
حکومت نے ان کے کھاتوں کا آڈٹ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا انہیں واقعی فیس میں اضافے کی ضرورت تھی یا نہیں۔



