قومی خبریں

آپ سر پر بندوق رکھ کر ’دیشی بھکتی‘ کیلئے مجبور نہیں کرسکتے : محبوبہ مفتی

ہندوستان کی ہار کا جشن منانے والوں کی چمڑی اُدھیڑ دینی چاہیے   رندھاوا

بھاجپا رہنما رندھاوا کے متنازعہ بیان پر محبوبہ مفتی کا جوابی حملہ –

سری نگر ،یکم نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)T20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے ہاتھوں ہندوستان کی ذلت آمیز شکست کا جشن منانے والوں کے خلاف جموں و کشمیر میں اب بھی غم و غصہ ہے، گرچہ کئی مبینہ ملزمان کی گرفتاری بھی ہوچکی ہے ، لیکن اس کے باوجود بی جے پی کے لیڈران عادتاً اشتعال انگیزی کر رہے ہیں۔ بی جے پی ایسے طلباء کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ وہیں دوسری طرف محبوبہ ملزمان کو بے قصور قرار دے کر اِن کی حمایت کر رہی ہیں۔

محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر آگرہ میں جشن منانے کے ملزمان گرفتار طالب علموں کے مستقبل بچانے کی اپیل کی ہے ، نیز انہوں نے اس معاملہ میں مودی سے مداخلت کی درخواست بھی کی۔وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما وکرم سنگھ رندھاوا نے کہا کہ بھارت کی شکست کا جشن منانے والوں کی کھال ادھیڑ دین چاہیے ، ان لوگوں نے دشمن ملک’ پاکستان‘ سے محبت پال رکھی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ سکیورٹی ادارے اس کیلئے (گرفتاری اور ناطقہ بند کرنے کیلئے)تیار ہیں، اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔

رندھاوا نے یہ بھی مطالبہ کردیا کہ پاکستان کے ہاتھوں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی ذلت آمیز شکست پر جشن منانے والے طلباء کی ڈگریوں کے ساتھ ساتھ ان کی شہریت بھی ختم کردی جائے‘‘۔محبوبہ مفتی نے رندھاوا کے متنازعہ بیان پر حکومت اور بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رندھاوا کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جبکہ طلبہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔اس سے قبل محبوبہ مفتی نے کہا کہ حکومت سے بول بول کر تھک گئی ہوں کہ آپ لاٹھی کے زور پر کسی کو’’دیشی بھکتی‘‘ پر مجبور نہیں کر سکتے، اسے محبت کی ضرورت ہے، محبت سے یہاں کے لوگوں کے دل جیتے جا سکتے ہیں۔

آگرہ میں جس طرح کشمیری طلباء کے خلاف کارروائی کی گئی وہ انتہائی غلط ہے۔ وادی میں جس طرح گرفتاری کا ماحول بنایا گیا ہے، اس سے حالات بہتر نہیں ہوں گے، بلکہ مزید خراب ہوں گے۔ محبوبہ نے کہا کہ سر پر بندوق رکھ کر آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ کس کھلاڑی کو پسند کرنا ہے، ہندوستان ایک بڑا ملک ہے۔

ہر ایک کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کس کھلاڑی کو پسند کر ے۔محبوبہ نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر کہاہے کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے دل جیتنے کے لیے محبت کی ضرورت ہے۔ ملک ڈنڈے کے زور پر نہیں چلتا، اس سے نوجوانوں کا مستقبل خراب ہوگا اور وہ ہم سے مزید دور ہو جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button