بین الاقوامی خبریںسرورق

آپ جنازوں میں اور ہم فتوحات میں مہارت حاصل کریں گے”:حسن نصراللہ کے جنازے پر اسرائیل کا پیغام

اسرائیلی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے نصراللہ کی نعش کے اوپر پرواز کی

تل ابیب:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)لبنان کے دارالحکومت بیروت کے اسپورٹس سٹی میں حزب اللہ کے سکریٹری جنرل حسن نصر اللہ اور ان کے جانشین ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ کے موقع پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے اس جگہ پر جہاں ہزاروں لوگ جمع تھے کم اونچائی پر پرواز کی۔یہ پروازیں ایک دھمکی آمیز پیغام تھا کیونکہ اسرائیلی طیارے نے اس وقت پرواز کی جب حزب اللہ کے موجودہ سیکرٹری جنرل نعیم قاسم مجمے سے تقریر کر رہے تھے۔

اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے کہا کہ اسرائیلی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے نصراللہ کی نعش کے اوپر پرواز کی ۔ یہ پرواز ان لوگوں کے لیے ایک پیغام جو اسرائیل کو تباہ کرنے اور اس پر حملہ کرنے کی دھمکی دیتے ہیں۔انہوں نے "ایکس” پلیٹ فارم کے ذریعے ایک ٹویٹ میں مزید کہا کہ "اسرائیلی فضائیہ کے طیارے اس وقت بیروت کے آسمان پر حسن نصر اللہ کی قبر پر اڑ رہے ہیں۔ یہ واضح پیغام دے رہے ہیں کہ جو بھی اسرائیل کو تباہ کرنے اور اسرائیل پر حملہ کرنے کی دھمکی دے گا وہ ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ "آپ (اسرائیل کے دشمنوں کا حوالہ دیتے ہوئے) جنازوں میں مہارت حاصل کریں گے، لیکن ہم فتوحات میں مہارت حاصل کریں گے”۔خیال رہے کہ 64 سالہ حسن نصراللہ 27 ستمبر 2024ء کو بیروت کے جنوبی مضافات میں حارہ حریک میں ان کے زیر زمین ہیڈ کوارٹر پر پرتشدد اسرائیلی بمباری میں مارے گئے تھے۔ اس کارروائی میں کئی ٹن دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

اکتوبر میں اس کے رشتہ دار اور جانشین ہاشم صفی الدین کو بھی اسی طرح کی فضائی بمباری قتل کردیا گیا تھا جس کے بعد حزب اللہ سیاسی اور عسکری طور پر کافی کمزور ہوگئی تھی کیونکہ اسرائیل نے حزب اللہ کے چوٹی کے تقریبا تمام رہ نماؤں کو ہلاک کردیا تھا۔

حزب اللہ نے 27 نومبر کو اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ کیا، جس میں جنوبی لبنان سے اسرائیلی انخلاء کے بدلے میں دریائے لیطانی کے جنوب میں حزب اللہ کے انخلاء کی شرط تسلیم کی گئی تھی اور اس علاقے کو لبنانی فوج کے حوالے کیے جانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button