
سابق کرکٹر یوراج سنگھ پریشانی میں پڑگئے,یس سی / ایس ٹی ایکٹ کے تحت ہریانہ میں ایف آئی آر درج
ہانسی؍ہریانہ: (اردودنیا.اِن)ہریانہ کے ہانسی میں سابق کرکٹر یوراج سنگھ کے خلاف ایس سی / ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ معاملہ یوراج پر نیشنل الائنس اور دلت ہیومن رائٹس کے کنوینر رجت کلسن کی شکایت پر درج کیا گیا ہے۔
کرکٹر روہت شرما کے ساتھ لائیو چیٹ میں یوراج نے مبینہ طور پر کرکٹر یوجوندر چہل کے تئیں نسل پرستانہ تبصرے کیا تھا۔ پولیس کی طرف سے 8 ماہ پرانے معاملہ میں کارروائی نہ کرنے پر شکایت کنندہ نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ شکایت کنندہ کلسن نے بتایا کہ یوراج کے خلاف مقدمہ درج کرنے میں پولیس کو 8 ماہ لگے۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے گذشتہ سال 2 جون کو پولیس میں شکایت کی تھی، اس وقت پولیس نے کوئی مقدمہ درج نہیں کیا تھا۔ اس کے بعد 11 جون کو ، حصار کی ایس سی / ایس ٹی عدالت میں درخواست دائر کی گئی۔ اس پر جج ویدپال سیروہی نے پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیاتھا ،
اس کے علاوہ اس وقت کے تھانہ انچارج ہانسی اور ڈی ایس پی کیخلاف بھی انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔جب یوجویندرچہل کے متعلق نسل پرستانہ تبصرہ کا معاملہ بڑھا ،تو یوراج نے سوشل میڈیا پر معافی بھی مانگی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں ہر شخص کا احترام کرتا ہوں۔ میں اپنے دوستوں سے بات کر رہا تھا اور اس وقت میری بات کو غلط طریقے سے لیا گیا، جوسراسر غلط ہے۔ یوراج نے کہا کہ ایک ذمہ دار ہندوستانی کی حیثیت سے میں یہ کہنا چاہوں گا کہ اگر نادانستہ طور پر میرے الفاظ سے کوئی تکلیف ہوئی ہو، تومجھے افسوس ہے۔



