اسمبلی انتخابات: ٹوئٹر نے انتخابات سے متعلق غلط معلومات سے نمٹنے کیلئے متعدد اقدامات کا اعلان کیا
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات سے قبل پیر کو ٹویٹر نے انتخابات سے متعلق غلط معلومات سے نمٹنے کے لئے کئی اقدامات کا اعلان کیا۔مائکروبلاگنگ سائٹ نے کثیر لسانی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے معنی دار سیاسی بحث و مباحثے اور انتخابات کے دوران عوام کی شرکت کے اپنے عزم کا اعلان کیا۔
اس نے ایک بیان میں کہاکہ آسام، کیرالہ، تمل ناڈو، مغربی بنگال اور پنڈوچیری میں اسمبلی انتخابات 2021 کے پیش نظر ٹویٹر نے متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے جس سے امیدواروں، سیاسی جماعتوں، شہریوں، میڈیااورسماج کے درمیان باہمی تبادلہ خیال کو آسان بنایا جائے گا۔
ان اقدامات میں انتخابات کے بارے میں قابل اعتماد معلومات فراہم کرنے کے لئے ہندوستان کے الیکشن کمیشن اور ریاستی الیکشن کمیشن سے متعلق معلومات سرچ کرنے، حصہ داری کو فروغ دینے کے لئے ایک ’کسٹم ایموجی‘، انتخابات سے متعلق غلط معلومات سے نمٹنے کے لئے’پری بنک‘ اور ’ڈی بنک‘ شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ان اقدامات کو ہندی، انگریزی، تمل، بنگالی آسامی اور ملیالم زبان سمیت6 زبانوں میں نافذ کیا جائے گا۔



