اشون کے پاس 77 ویں ٹیسٹ میں 400 وکٹ لینے کا سنہری موقع
احمد آباد :(اردودنیا.اِن)ٹیم انڈیا کے آف اسپنر روی چندرن اشون 24 فروری سے انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے دوران 400 وکٹ کے سنگ میل کو عبور کرسکتے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ سری لنکا کے مرلی دھرن کے بعد 400 وکٹیں حاصل کرنے والے تیزترین گیندبازبن جائیں گے۔
مرلی دھرن نے 72 ویں ٹیسٹ میں 400 وکٹیں مکمل کیں۔ اشون 76 ٹیسٹ میں اب تک 394 وکٹیں لے چکے ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں 400 وکٹیں حاصل کرنے والے سب سے تیز ہندوستانی سابق لیگ اسپنر انیل کمبلے ہیں۔ کمبل نے 85 ویں ٹیسٹ میں 400 وکٹیں مکمل کیں۔
کمبلے مجموعی طور پر پانچویں نمبر پر ہیں۔ مرلی دھرن کے بعد نیوزی لینڈ کے رچرڈ ہیڈلی (80 ویں ٹیسٹ) ، جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین (80 ویں ٹیسٹ) اور سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ (84 ویں ٹیسٹ)کا نمبرہے ۔اگر اشون موتیرا میں اپنی 400 ویں وکٹ مکمل کرتے ہیں تو وہ فی الحال ٹیسٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے اسپنر بن جائیں گے۔ آسٹریلیائی گیندباز نیتھن لیون اسپنرز میں سب سے آگے ہیں۔
انہوں نے 100 ٹیسٹ میچوں میں 399 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ ہندوستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے دوران 400 وکٹیں مکمل کرنے کے قریب تھے لیکن وہ ایک وکٹ سے دور رہ گئے ۔



