امریکہ میں بچی پر مرچ اسپرے کرنے والے پولیس اہلکار معطل
نیویارک : (اردودنیانیوز)امریکا میں ایک کم عمر بچی کو گرفتار کرتے وقت اس پر مرچ اسپرے کرنے کے الزام میں متعدد پولیس افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔امریکا میں حکام نے پیر یکم فروری کو اعلان کیا کہ معاملے کی تفتیش مکمل ہونے تک ان تمام پولیس افسران کو معطل کر دیا گیا ہے جنہیں نو سالہ بچی کو گرفتار کرتے وقت مرچ کا اسپرے چھڑکنے کے الزام کا سامنا ہے۔
یہ واقعہ ریاست نیو یارک کے روکیسٹر کا ہے۔ پولیس کی وردی پر لگے کیمروں سے حاصل شدہ فوٹیج میں دیکھا گیا کہ پولیس اہلکار کم عمر بچی کو ہتھکڑی لگا رہے ہیں اور اس پر مرچ کا اسپرے چھڑک رہے ہیں۔ اسی کے مد نظر یہ کارروائی کی گئی ہے۔
شہر کے میئر لولی وارین نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جمعے کے روز جو کچھ بھی ہوا وہ بہت ہی ہولناک ہے، اور ہماری پوری برادری کا اس پر برہم ہونا بھی درست ہے۔ بد قسمتی سے ریاست نیو یارک کا قانون ہمیں اس پر فی الوقت مزید سخت کارروائی کی اجازت نہیں دیتا۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس سلسلے میں کتنے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی تاہم جب تک راکیسٹر پولیس کا محکمہ اس معاملے کی اپنی داخلی جانچ مکمل نہیں کرلیتا،
اس وقت تک وہ معطل رہیں گے۔پولیس اہلکاروں کے جسم پر جو کیمرے نصب ہوتے ہیں اس کا فوٹیج گزشتہ اتوار کو جاری کیا گیا۔ اس فوٹیج میں نو سالہ بچی پر قابو پانے کے لیے پولیس اہلکاروں کو اس پر مرچ کا اسپرے چھڑکتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ واقعہ جمعے کے روز کا ہے جب ایک خاندان میں بعض مشکلات کے سبب پولیس کو رپورٹ کیا گیا اور پھر پولیس اسے حل کرنے وہاں پہنچی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چونکہ بچی نے ان کے حکم کی تعمیل نہیں کی اس لیے ہتھکڑی لگی ہوئی اس بچی کے چہرے پر ایک پولیس اہلکار نے مرچ کے اسپرے کا چھڑکاؤ کیا۔ شہر کے نائب پولیس سربراہ اینڈر انڈرسن کا کہنا تھا کہ جو کچھ بھی بچی کے ساتھ ہوا،
اس سے بچی اس قدر ذہنی طورپرمتاثر ہوگئی کہ اس نے خود کشی کر نے کی کوشش کے ساتھ ہی دوسروں کو نقصان پہنچانے کی بھی کوشش کی۔ اس فوٹیج میں پولیس کی کاررائی کو دیکھ کر مقامی لوگوں میں زبردست غم و غصہ ہے اور اس کے خلاف بڑی تعداد میں لوگوں نے شہر کے پولیس ہید کوارٹر کے باہر مظاہرہ بھی کیا ہے۔




