بین ریاستی خبریں

انیل دیشمکھ کو بامبے ہائی کورٹ سے جھٹکا

سی بی آئی کی ایف آئی آر کو چیلنج کرنے والی درخواست مسترد

ممبئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما اور مہاراشٹرا حکومت کے سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کو بامبے ہائی کورٹ سے ایک جھٹکا لگا ہے۔ عدالت نے انیل دیشمکھ کی اس درخواست کو مسترد کردیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سی بی آئی میرے معاملے کی تحقیقات نہ کرے۔ کیس کی سماعت کرتے ہوئے ہائیکورٹ نے سی بی آئی کے وکیل سے کہا کہ وہ چار ہفتوں میں دیش مکھ کی درخواست کے خلاف جواب داخل کریں۔اس معاملے کی سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ اگلی سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد ہوگی۔

اس کیس پر سماعت کے دوران بامبے ہائی کورٹ نے اپنی ہدایت میں کہا ہے کہ اگر ضرورت پیش آئے تو اس معاملے کو عجلت کی بنیاد پر ہائیکورٹ کی تعطیل بنچ کے پاس بھیجا جاسکتا ہے۔معاملہ اس وقت کا ہے جب ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ نے ریاست کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو ایک خط لکھ کر انیل دیشمکھ پر الزام لگایا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ انیل دیشمکھ ہی تھے جنہوں نے ممبئی پولیس کے معطل پولیس افسر سچن واجے کو ہر ماہ 100 کروڑ روپئے کی وصولی کا ہدف دیا تھا۔تاہم انیل دیشمکھ نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی۔ لیکن معاملہ اتنا گرم ہوگیا تھا کہ ممبئی ہائی کورٹ نے سی بی آئی تحقیقات کا حکم دینے کے بعد دیشمکھ کو وزیر داخلہ کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button