
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملک میں کچھ دنوں سے ہر دوسرے دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ منگل کو پٹرول – ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد بدھ کے روز قیمتیں مستحکم رہیں۔ لیکن جمعرات کوایک بار پھر قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ آج آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرول کی قیمت میں 24 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 29 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔
منگل کو پٹرول 23 اور ڈیزل 27 پیسے مہنگا ہوگیا تھا۔مئی میں اب تک مجموعی طور پر 15 دن قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ۔ اس مہینے کے اضافے کے بعد پٹرول 3.33 روپئے مہنگا ہوگیا ہے جبکہ ڈیزل 3.85 روپئے فی لیٹر مہنگا ہوگیا ہے۔ اپریل میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی تھی ،اس وقت پیٹرول ڈیزل 77 اور 74 پیسے سستا ہواتھا،
لیکن روزمرہ کی اضافی قیمتوں نے اس کی تلافی بہت پہلے کردی ہے۔ ملک کے کئی شہروں میں پٹرول 100 لیٹر سے زیادہ فروخت ہورہا ہے ۔آج کے اضافے کے بعددہلی میں پٹرول کی قیمت 93.68 روپئے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 84.61 روپئے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ ممبئی کے بارے میں بات کریں تو پٹرول کی قیمت 99.94 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل 91.87 روپئے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔
چنئی میں پٹرول 95.28 روپئے روپے فی لیٹر اور ڈیزل 89.39 روپئے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ کولکاتہ میں پٹرول کی قیمت 93.72 روپئے اور ڈیزل کی قیمت 87.46 روپئے فی لیٹر ہے۔بھوپال میں پٹرول 101.77 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل 93.07 روپئے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ لکھنؤ میں پٹرول 91.21 روپئے اور ڈیزل 85 روپئے فی لیٹر پر فروخت ہورہا ہے۔



