بین ریاستی خبریں

اڑیسہ میں لگا 14 دنوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن

بھونیشور:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کورونا وبا کی دوسری لہر سے بچنے کے لئے آج سے اوڈیشہ میں 14 دن کا لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔ اوڈیشہ کی نوین پٹنائک حکومت نے 14 دن کے لئے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبے میں کورونا انفیکشن کے تیزی سے بڑھتے ہوئے نئے معاملات کی وجہ سے حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ چیف سکریٹری ایس سی موہپترا کے جاری کردہ ایک آرڈر میں کہا گیا ہے کہ اختتام ہفتہ(ہفتہ اوراتور) کے علاوہ دیگر تمام دنوں میں ضروری خدمات دستیاب ہوں گی۔

حکومت کے جاری کردہ سرکاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کو اپنے گھروں کے 500 میٹر کے دائرے میں صبح 6 بجے سے دوپہر 12 بجے کے درمیان ضروری سامان خریدنے کی اجازت ہوگی۔ اختتام ہفتہ کے دوران وہ صرف طبی خدمات کے لئے گھر سے باہر نکل سکیں گے۔ لاک ڈاؤن اور ہفتے کے آخر میں کرفیو انتخابات سے متعلق کسی بھی کام پر لاگو نہیں ہوگا۔ مثال کے طور پر پپلی اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخاب میں شامل اہلکاروں کی نقل و حرکت جاری رہے گی، پپلی میں 16 مئی کو ہونا ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کا مقصد عام لوگوں کی نقل و حرکت پر قابو رکھنا ہے اور سامان لے جانے والی گاڑیوں پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔اس دوران، اڈیشہ کے تمام سنیما ہال، مالز، مارکیٹ کمپلیکس، اسپورٹس کمپلیکس، سوئمنگ پول، تفریحی پارکس، سیلون، تھیٹر، پارکس، بار، آڈیٹوریم، اسمبلی ہال، میرا بازار سب بند رہیں گے۔

تمام سماجی، سیاسی، کھیلوں، ثقافتی، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ صبح 5 سے صبح 8 بجے کے درمیان اخبارات تقسیم کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button