
کولکاتا:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) وزیراعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی کو وزیراعلیٰ کی کرسی پر بنے رہنے کے لئے 6 ماہ کے اندر اسمبلی انتخا ب جیتنا ہوں گے ، اس کیلئے ممتا بنرجی کے لئے راستہ صاف ہورہا ہے ۔بھوانی پور نشست سے الیکشن جیتنے والے ترنمول کے ایم ایل اے شوبھن دیو چٹرجی نے استعفیٰ دے دیا ہے، اب ممکنہ طور پر ممتا یہاں سے الیکشن لڑ سکتی ہیں۔
واضح ہوکہ نندی گرام میں ممتا بنرجی ترنمول چھوڑکر زعفرانی خیمہ میں رشتہ جوڑنے والے شوبھندو ادھیکاری سے انتخاب ہار گئی تھیں۔ واضح ہوکہ شو بھن دیو نے استعفیٰ دینے کے بعد کہا کہ میں سی ایم سیٹ پر کھڑا ہواتھا، اورمیں جیت گیا۔ میں اب اس نشست سے استعفیٰ دے رہا ہوں تاکہ ممتا انتخاب لڑیں اور وزیراعلیٰ کی نشست پر قائم رہیں، یہ پارٹی کا فیصلہ ہے اور اس پر عمل کرنا میرا فرض ہے۔ پارٹی کے ساتھ میرا بھی یہی فیصلہ ہے۔
استعفیٰ کے بعد شوبھن کھرداہ سیٹ سے ضمنی انتخاب لڑ سکتے ہیں، یہ نشست ٹی ایم سی رہنما کاجل سنہا کی موت کے بعد خالی ہوئی ہے۔واضح ہوکہ بنگال میں 2011 کے اسمبلی انتخابات میں ترنمول کے سبرت بھوانی پور سے جیتی تھیں ،سبرت کے مستعفی ہونے کے بعد ممتا نے یہاں ضمنی انتخاب لڑا تھا اور کامیابی حاصل کی تھی۔ اس بار بھی شوبھن کے مستعفی ہونے کے بعد بھوانی پور نشست سے ان کے ضمنی انتخاب لڑنے کے امکانات زیادہ قوی ہوگئے ہیں ۔



