
دبئی:(اردودنیا.اِن)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بہترین فاسٹ بولر بھونیشور کمار نے مارچ میں انگلینڈ کے خلاف گھر پر محدود اوورز کی سیریز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور اس کے لئے آئی سی سی نے انہیں مارچ مہینے کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا ہے۔ بھوی نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف 4.65 کی اوسط سے چھ وکٹیں حاصل کیں ،
جبکہ انہوں نے پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں چار وکٹ لیے تھے۔بھونیشور کمار نے آئی سی سی کی ایک ریلیز میں کہا ہے کہ طویل اور دردناک وقفے کے بعد ہندوستان کے لئے ایک بار پھر کھیلنا خوشی کی بات ہے۔ اس دوران میں نے اپنی فٹنس اور تکنیک پر بہت کام کیا۔ ہندوستان کے لئے ایک بار پھر وکٹ لے کر اچھا لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ہر اس فرد کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو شروع سے ہی اس سفر میں میرا ساتھ رہے ہیں،
خاص کر میرا کنبہ ، دوست اور ساتھی کھلاڑی۔ بھونیشور یہ اعزاز حاصل کرنے والے مسلسل تیسرے ہندوستانی کرکٹر بن گئے۔ جنوری میں پہلا انعام وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے حاصل کیا تھا ، جبکہ فروری میں آف اسپنر روی چندرن اشون نے یہ اعزاز جیتا تھا۔ بھونیشور کے علاوہ افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان اور زمبابوے کے شان ولیمز بھی اس ریس میں شامل تھے۔



